ملتان (سٹاف رپورٹر) انچارج ٹورسٹ انفارمیشن سنٹر،ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب ڈیرہ غازیخان شیخ اعجاز نے میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے جاری فنڈزکی بدولت کوہ سلیمان کے مقام پرسات ”ٹورسٹ سائٹس “تیارکی جارہی ہیں ان میں سے تین مکمل ہوگئی ہیں جبکہ باقی اسی سال دسمبرتک مکمل ہوجائیں گی، ان نئی ”ٹورسٹ سائٹس “میں گلکئی ،مٹ چانڈیہ ،بھارتی ،مبارکی ،سنگھڑ،ہک بائی اوراناری ٹاپ شامل ہیں ۔اسی طرح دریائے سندھ پرواقع غازی گھاٹ پل کے قریب ”پیالہ جھیل “کوعوام کی سیروتفریح کے لئے تیار کرنے کے لئے رپورٹ حکومت نے طلب کرلی ہے ۔شیخ اعجاز نے بتایاکہ شالیمار گارڈن اورمقبرہ جہانگیر لاہور میں فوٹوگرافی کے مقابلے کرائے جارہے ہیں اور دیگر بہت سے مقامات پر”گالامیلہ “کے نام سے مختلف ایونٹس بھی کرائے جارہے ہیں ، انہوں نے کہاکہ قلعہ دراوڑکے قریب پانچ ایکڑ پربہت خوبصورت ریزارٹ بنایاجارہاہے جس میں سیمینارز ہال ،کڈزپلے ایریا،وسیع پارکنگ ،کھانے کی فراہمی کی سہولیات اورخاص طورپرچولستان سے متعلقہ اورہجرت کرکے آنے والے پرندوں کیلئے ”برڈ ایریا“بھی بنایاجارہاہے ،تونسہ بیراج کے قریب 120کنال جگہ لے کریہاں پرکیمپنگ سائیٹ“ کے ساتھ ساتھ اعلیٰ معیار کاریسٹورنٹ اورکشتی رانی کے لئے وسیع جیٹی“بنائی جارہی ہے ،اس منصوبہ کے لئے حکومت نے چھ کروڑروپے مختص کردیئے ہیں۔