• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کی گرفتاری قابل مذمت اور ظالمانہ اقدام ہے، نواز شریف

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) سابق وزیر اعظم نواز شریف نےاپنے بھائی شہباز شریف کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی درجے کی ناانصافی اور ظالمانہ اقدام قرار دیاہے،پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ کی درخواست ضمانت مسترد کئے جانے اوران کی گرفتاری کے بعد ہائیڈ پارک کے قریب اپنے بیٹے حسن نواز کے دفتر میں پاکستانی میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ انتہائی درجے کی ناانصافی اورظالمانہ اقدام ہے۔انھوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں اپنی تقریر میں میں نے پہلے ہی کہہ دیاتھا کہ موجودہ حکومت اور سسٹم نے شرافت کے تمام اصول پامال کردئے ہیں اور یہ ہمارے قطعی ناقابل قبول ہے اس طرح کے حربے مسترد شدہ ہیں اور ہمارے لئے قابل قبول نہیں ہیں ، ہم سرنڈر نہیں کریں گے،نواز شریف نے جو اپنے علاج کیلئے لندن میں ہیں کہا کہ قوم توقع کررہی تھی کہ وزیر اعظم کے مشیر عاصم سلیم باجوہ کو گرفتار کرکے ان سے ان کی فیملی کی امریکہ میں مبینہ دولت کے بارے میں پوچھ گچھ کی جائے گی لیکن اس کے برعکس شہباز شریف کو گرفتار کرلیاگیا۔انھوں نے کہا کہ قوم توقع کررہی تھی کہ عاصم باجوہ کا احتساب کیاجائے گا اور ان سے پوچھا جائے گا کہ ایک سرکاری ملازم نے 20سال کے عرصے میں اتنے بھاری اثاثے کیسے بنالئے،اپنے بیٹے کے دفتر میں نواز شریف کے ساتھ ان کے بھتیجے سلمان شہباز شریف،اسحاق ڈار، عابد شیر علی ،ناصر بٹ،اعجاز گل اور علی ڈار بھی موجود تھے، سلیمان نے میڈیا کو بتایا کہ شہباز شریف نے پہلے ہی بتادیا تھا کہ عمران خان اورنیب انھیںجیل پہنچادیں گے۔انھوں نے کہا کہ نیب اورعمران خان کا گٹھ جوڑ ثابت ہوگیاہے انھوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ عمران خان سیلکٹیڈ وزیراعظم ہیں اور وہ بری طرح ناکام ہوچکے ہیں وہ ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ مکان دینے اورعوام سے کئے ہوئے دیگر وعدے پورے کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں، عوام کی توجہ اپنے وعدوں کی جانب سے مبذول کرانے اور انھیں بیوقوف بنانے کیلئے وہ اس طرح کے حربے اختیار کررہے ہیں ،ہمیں عوام کی عدالت میں سرخرو ہوئے ہیں اور اللہ کی مدد سے دوبارہ سرخرو ہوں گے۔ہم سرنڈر نہیں ہوں گے، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بھی گرفتاری کی مذمت کی انھوں نے کہا کہ پی ایم ایل این نے کبھی بھی اداروں کو 2018کے الیکشن میں دھاندلی اور اس سے قبل پی ایم ایل این کی حکومت کے خلاف چلائی گئی طویل مہم کاذمہ دار قرار نہیں دیا ،اداروں میں موجود صرف مٹھی بھر لوگ سلکٹیڈ حکومت کے ساتھ ہیں اور احتساب کے نام پر انتقام لیاجارہاہے ،انھوں نے کہا کہ یہ مٹھی بھر لوگ پاکستان کو نقصان پہنچارہے ہیں،انھوں نے کہا کہ پوری مسلم لیگ ن نواز شریف کے بیانیے کے ساتھ ہے اور شہباز شریف کی گرفتار سے ثابت ہوگیا کہ نیب عمران خان کے کنٹرول میں ہے۔

تازہ ترین