مردان/پبی (نمائندگان جنگ ) مردان بازار میں بم دھماکہ، 4افرادجاں بحق ،2 پولیس اہلکار سمیت18 افراد زخمی ہوگئے جبکہ نوشہرہ میں مارٹر گولہ پھٹنے سے مزید 5 افراد جاں بحق ہوگئے ۔
پولیس کے مطابق شہر کے جج بازار میں اس وقت سائیکل میں چھپایا گیابارودی مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جب شہری رومزہ کی خریداری میں مصروف تھے جائے وقوعہ کے قریب پولیس وین بھی کھڑی تھی خدشہ ظاہر کیاجارہاہے کہ دھماکہ کا نشانہ پولیس وین تھی جبکہ اکبر پوہ کیمپ کورونہ میں کباڑی مارٹر گولہ توڑ رہا تھا کہ وہ زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں عارف اوراس کی دو کم سن بیٹیاں ایمان اور اریبہ جاں بحق ہوگئیں جبکہ ثاقب علی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔
دھماکے سے قریب کھڑی پولیس وین اوررکشے کوبھی نقصان پہنچا جبکہ پولیس کے دواہلکار،امتیازاکبراورحماد کے علاوہ عام شہری جواد ،روزی خان ،عادل ،بختیارعلی ،عبدالرؤف ،محمد آباد ،یاسین ،روزامین،بلال،عبدالودود ،عبدالرحمان ، واحد،کاشف ،محسن،واحد او راسد زخمیوں میں شامل ہیں، تین زخمیوں کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔
علاوہ ازیں تھانہ اکبر پورہ کے علاقہ کیمپ کورو نہ میں کباڑ گودام میں مارٹر گولہ پھٹنے سےدھماکہ ،5 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں میں شفقت مکرم حضرت علی زاہد اللّٰہ عنایت اللّٰہ موقع پر جاں بحق اور قیصر عمر 55 سال زخمی ہوگیا۔
معلوم ہوا کہ یہ افراد کباڑ کا کاروبار کرتے تھے بارودی مارٹر گولہ مقا می لوگوں کو دریا کابل کے کنارے سے ملا تھا جو کباڑی کو فروخت کیا جس کو کباڑی توڑ رہا تھا کہ زور دار دھما کے سے پھٹ گیا۔
پولیس کی بھاری نفری نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔