• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن میں دم خم ہوتا تو حکومت ابتک فارغ ہوچکی ہوتی، شفقت محمود


کراچی (ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ اپوزیشن میں دم خم ہوتا تو حکومت اب تک فارغ ہوچکی ہوتی، مولانا فضل الرحمٰن اپنے جلسوں کیلئے مدارس کے بچوں کو استعمال نہ کریں،فضل الرحمٰن کی عوام میں پذیرائی نہیں مدارس کے بچے اکٹھا کر کے مجمع لگالیتے ہیں۔

ن لیگی رہنماؤں نے نواز شریف کی اجازت سے عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں، نواز شریف کو واپس لانے کی کوشش ذاتی خواہش نہیں پاکستانی عدالتوں کا حکم ہے، آج سے پاکستان میں سارے اسکول ایس او پیز کے ساتھ کھولے جارہے ہیں۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں پی ڈی ایم کے رہنما سینیٹر مصدق ملک بھی شریک تھے۔

سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ حکومت کو کسی کی گرفتاری یا ضمانت نہ ہونے کا پہلے سے کیسے پتا چل جاتا ہے، نواز شریف کو مفرور حکومت نے کروایا، عمران خان طاہر القادری کے مدرسے سے ہمیں طالب علم دیدے تو ہم مولانا فضل الرحمٰن سے مدرسے کے بچوں کو جلسے میں نہ لانے کی درخواست کردیں گے،پی ٹی آئی کے لوگ اپنی باتوں سے نواز شریف کی بات کی تصدیق کررہے ہیں،یہ کہتے ہیں ادارے مداخلت کررہے ہیں جس کی مثالیں بھی دیتے ہیں۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نےکہا کہ مجھے علم نہیں کہ اپوزیشن کی تحریک دیکھنے کیلئے کوئی خصوصی حکومتی کمیٹی بنی ہے، جب سے ہماری حکومت بنی ہے فضل الرحمٰن ہمارے خلاف تحریک چلانے کا کہتے رہے ہیں، اپوزیشن میں دم خم ہوتا تو حکومت اب تک فارغ ہوچکی ہوتی،جلسہ کرنے پر کوئی پابندی نہیں ہے اپوزیشن نے جلسہ کرنا ہے تو کریں۔

مولانا فضل الرحمٰن کو حکومت گرفتار نہیں کرے گی ،نیب انہیں گرفتار کرتی ہے تو ہمارا نیب سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ شفقت محمود کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے مدارس میں بھی تدریسی عمل متاثر ہوا ہے، مولانا فضل الرحمٰن اپنے جلسوں کیلئے مدارس کے بچوں کو استعمال نہ کریں۔

فضل الرحمٰن کی عوام میں پذیرائی نہیں ہے وہ مدارس کے بچوں کو اکٹھا کر کے مجمع لگالیتے ہیں، پشاو ر کے جلسے میں 85فیصد لوگ مدرسوں سے آئے تھے۔ 

شفقت محمود نے کہا کہ ن لیگ شہباز شریف کی ضمانت میں توسیع نہ ہونے پر عدالت کی غیرجانبداری پر سوال اٹھارہی ہے، شیخ رشید منجھے ہوئے سیاستدان ہیں وہ کیس دیکھ کر متوقع فیصلے کا اندازہ لگالیتے ہیں۔

تازہ ترین