کراچی (ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فرازنے کہا ہے کہ کابینہ کے اجلاس میں اپوزیشن کے حوالے سے بات چیت نہیں کی گئی،قانون کی بالادستی کے لئے نواز شریف کو قانون کے سامنے پیش کرنا ضروری ہے،ضروری نہیں کہ نواز شریف سے متعلق کابینہ میں بات ہو۔نواز شریف کو واپس لانے کے لئے ہم ہر قانونی راستہ اختیار کریں گے۔ پاکستانی عوام کے ساتھ یہ بہت بڑی زیادتی ہے، سابق وزیراعظم کو خود کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھنا چاہئے انہیں عدالت کے سامنے پیش ہونا چاہئے۔بات نواز شریف کی نہیں ملک کے مستقبل کی بات ہے۔اپوزیشن نے اپنے طرز عمل سے معیشت کے ساتھ اداروں کو بھی نقصان پہنچایا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی کے لئے نواز شریف کو قانون کے سامنے پیش کرنا ضروری ہے۔پاکستان کے مستقبل کے لئے بھی اشد ضروری ہے کہ قانون سب کے لئے یکساں ہو۔حکومت کی ذمہ داری ہے کہ مجرم کو قانون کے سامنے پیش کرے۔ سابقہ حکومت نے ڈالر کو مصنوعی سہارے پر رکھا اور ساتھ ساتھ معاشی پالیسی پر بھی توجہ نہیں دی۔