• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارت کو بے نقاب کیا، شاہ محمود


وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کیا ہے۔

یہ بات وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارتی دارالحکومت دہلی میں ہونے والے فسادات میں آر ایس ایس اور پولیس کو بے نقاب کیا۔

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا ہے کہ آج بھارت میں ایمنسٹی انٹرنیشنل بند ہوا تو کل دیگر بین الاقوامی تنظیمیں بھی نشانے پر آ سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنے بینک اکاؤنٹس منجمد کیے جانے کے بعد گزشتہ روز بھارت میں اپنی سرگرمیاں بند کر دی ہیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے منگل کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے تنظیم کو مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے۔


ایمنسٹی نے کہا ہے کہ اُنہیں 10 ستمبر کو علم ہوا کہ بھارت میں اُن کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیئے گئے ہیں اور عملے پر ملک چھوڑنے کے علاوہ تحقیقی کام اور مہم کو روکنے کیلئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق تنظیم نے بھارت میں تسلسل کے ساتھ ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز بلند کی، رواں برس فروری میں پولیس کے ہاتھوں نئی دہلی میں ہونے والے نسلی فسادات اور مقبوضہ کشمیر میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بے رحمانہ سلوک کے خلاف آواز اٹھائی جس کے بعد تنظیم کے اکاؤنٹس کو منجمد کیا جانا کوئی حیرت کی بات نہیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل بھارتی حکومت سے کشمیر میں شہری ہلاکتوں اور پبلک سیفٹی ایکٹ کی منسوخی کے مطالبات بھی کرتی رہی ہے۔

تازہ ترین