شیخوپورہ(نمائندہ جنگ سے) ڈی پی او سرفراز خان ورک نے پولیس افسروں کے ہمراہ کھلی کچہری لگائی تو شیخوپورہ کے شہریوں نے کرپشن اور مقامی مسائل کے حوالے سے شکایات کے انبار لگادیئے ، ایک خاتون کھلی کچہری میں زار زار روتے ہوئے پیش ہوگئی کہ اسکے خاوند کو تھانہ نارنگ منڈی کا عملہ اغواء کرکے لے گیا ہے۔ اور اب اسکی جان بخشی کیلئے رشوت مانگی جارہی ہے جس پر ڈی پی او نے وہیں پر ابتدائی انکوائری کرنے کے بعد ایس ایچ او نارنگ منڈی انسپکٹر نعمت اللہ گجر اور اے ایس آئی سیف اللہ کو فوری طور پر معطل کردیا ۔کھلی کچہری کے دوران کچھ لوگوں نے پولیس حکام کی تعریفوں کے پل باندھنے کی کوشش کی تو انہیں ڈی پی او نے سختی سے منع کردیاکھلی کچہری کے دوران درجنوں افراد نے باری باری پیش ہو کر تھانوں میں کرپشن کے الزامات پر مشتمل شکایات پیش کیں ، ایک شخص نے بتایا کہ شیخوپورہ میں صلاح الدین روڈ پر پنجاب کا بین الاقوامی کھیلوں پر جوے کا سب سے بڑا اڈہ چل رہا ہے اور ایسے اڈے شہر میں 12سے زائد مقامات پر چل رہے ہیں جبکہ پرچی بانڈ جوا ء کے اڈوں پر پولیس کے ملازمین کا بھی آنا جانا ہے ، فاروق آباد میں معذور خاتون شہناز بی بی اور اسکے بھائی ذوالفقار کی 30کروڑ روپے کی اراضی کے فراڈ کا پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا، کھلی کچہری کے دوران کئی سائلوں نے بتایا کہ شہر اور اس کے نواحی علاقوں میں ڈکیتی، راہزنی، چوری اور بالخصوص موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں کوئی کمی نہیں ہوئی، ڈرائیونگ لائسنس بنانے کیلئے ایک گروہ تین تا پانچ ہزار روپے رشوت لے رہا ہے جبکہ اندرون شہر کئی مقامات پر ٹریفک پولیس کا عملہ سرعام رشوت وصول کرتا ہے جس کا نتیجہ ہے کہ اربوں روپے سڑکوں کو کشادہ کرنے پر خرچ کرنے کے باوجود شہر میں ٹریفک کی بار بار بندش روز کا معمول بن گئی ہے، شام ڈھلتے ہی مین بازار اور سول کوارٹر روڈ پر ٹریفک جام ہو جاتی ہے ، کھلی کچہری کے دوران ایسے میڈیکل سٹوروں کی بھی نشاندہی کی گئی جہاں پر محکمہ ایکسائز کے بعض ملازمین کی ملی بھگت سے منشیات فروخت ہوتی ہے ، کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او سرفراز خان ورک نے سائلوں کی شکایات پر فوری طور پر احکامات جاری کئے اور اعلان کیا کہ اگلے دو روز کے دوران جن مسائل ، مشکلات اور کرپشن کی نشاندہی کی گئی ہے ان کا تدارک ہو جائے گا، کھلی کچہری کے دوران ممتاز عالم دین مولانا مقبول الرحمن اور صدر مرکزی انجمن تاجران میاں محمد پرویز نے ڈی پی او کو قرآن پاک کا تحفہ بھی دیا،دریں اثناء ضلع بھر کے تمام ایس ایچ اوز نے اپنے اپنے علاقوں کی مساجد میں کھلی کچہریاں لگائیں۔