• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امین فہیم کے صاحبزادے ریمانڈ پر نیب کے حوالے

سندھ کے ضلع حیدرآباد کے تعلقہ ہالا کے سابق ناظم کے صاحبزادے مخدوم جلیل الزماں عرف حبیب اللّٰہ کو 7 روزہ تفتیشی ریمانڈ پر قومی احتساب بیورو (نیب) کراچی کے حوالے کر دیا گیا۔

مخدوم جلیل الزماں عرف حبیب اللّٰہ پر کروڑوں روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔

ذرائع کے مطابق الزام ہے کہ کرپشن میں ملوث سابق ایڈیشنل اکاؤنٹ افسر مشتاق احمد شیخ نے 12 اگست 2011ء کو مخدوم جلیل الزماں کے اکاؤنٹ میں 60 لاکھ روپے منتقل کیئے تھے جبکہ 14 اپریل 2015ء کو انہوں نے 15 لاکھ روپے مخدوم جلیل الزماں کی اہلیہ کے اکاؤنٹ میں منتقل کئے تھے۔

نیب تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم مشتاق شیخ نے 2015ء میں ڈیفنس کراچی میں مخدوم جلیل الزماں کے برادرِ نسبتی کے نام پر خریدے گئے فلیٹ کی مد میں 75 لاکھ روپے ادا کیئے۔

ذرائع کے مطابق نیب کراچی نے مخدوم جلیل الزماں کو 4 ستمبر کو طلب کیا تھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔


مخدوم خاندان کے فیملی ذرائع نے ’جیو نیوز‘ کو بتایا کہ اطلاع ملی ہے کہ مخدوم جلیل الزماں المعروف مخدوم حبیب اللّٰہ کو کراچی کے علاقے سپرہائی وے کے قریب رہائش گاہ سے حراست میں لیا گیا ہے۔

سابق تعلقہ ناظم ہالا جلیل الزماں پاکستان پیپلز پارٹی کے مرحوم رہنماء مخدوم امین فہیم کے چھوٹے فرزند اور رکنِ قومی اسمبلی مخدوم جمیل الزماں کے بھائی ہیں۔

تازہ ترین