• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فنی خرابی: نجی ائیرلائن کی پرواز کراچی واپس، مسافر دوسری پرواز سے اسلام آباد روانہ

کراچی سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہونے والی نجی ایئرلائن کی پرواز ٹیک آف کے 1 گھنٹہ سات منٹ بعد ہی کراچی واپس لینڈ کر گئی۔ تاہم پرواز ای آر 504 کے مسافروں کو دوسرے جہاز سے اسلام آباد روانہ کردیا گیا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق طیارے میں فنی خرابی کی وجہ سے جہاز کو سکھر سے واپس موڑ لیا گیا تھا۔

سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سیرین ائیرلائن کی پرواز ای آر 504 نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے شام چھ بج کر 20 منٹ پر اسلام آباد کے لیے ٹیک آف کیا۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق اس پرواز کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر آٹھ بج کر 30 منٹ پر لینڈ کرنا تھا مگر پرواز خیرپور کے قریب پہنچی تو انجن نمبر ایک میں خرابی پیدا ہوگئی۔

سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پائلٹ نے کنٹرول ٹاور کو اطلاع دی جس پر اسے واپس کراچی پہنچنے کی ہدایت کی گئی۔ یوں ایک گھنٹہ 7 منٹ بعد یہ پرواز شام 7 بج کر 27 منٹ پر کراچی ائیر پورٹ پر باحفاظت لینڈ کرگئی۔

دریں اثناء فنی خرابی کے باعث واپس آنے والی سرین ایئرلائن کی پرواز ای آر 504 کے مسافر دوسرے جہاز سے اسلام آباد روانہ کردیا گیا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سیرین ایئر لائن کی پرواز ایس ای پی 504 ڈی کراچی سے اسلام آباد کے لیے روانہ کردی گئی۔

ایوی ایشن ذرائع نے مزید کہا کہ سیرین ایئرلائن انتظامیہ نے فنی خرابی کا شکار ایئر بس 330 کی جگہ بوئینگ 737 روانہ کردیا۔ شام کو اسلام آباد کے لیے روانہ ہونے والی پرواز ای آر 504 فنی خرابی کے باعث سکھر سے واپس کراچی آگئی تھی۔

تازہ ترین