• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کے خلاف بغاوت کا مقدمہ نہیں ہونا چاہیے، فواد چودھری


وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج نہیں ہونا چاہیے۔

جیونیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف چاہے جتنی بھی سخت بات کریں، مگر ان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ بالکل بھی نہیں ہونا چاہیے۔

فواد چودھری نے کہا کہ نواز شریف کی اپنی حکمت عملی ہے وہ اسے سیاسی طور پر استعمال کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف پر کرپشن کے کیسز ہیں وہ ان کا جواب دینے کے بجائے دوسری پالیسی اختیار کیے ہوئے ہیں، حالانکہ انہیں اپنے کیسز کا جواب دینا چاہیے۔

نواز شریف نے خود کو بچانے کے لیے ملک داؤ پر لگادیا، شبلی فراز

 اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اپنے آپ کو بچانے کے لیے ملک داؤ پر لگادیا، یہ جو تقاریر ہورہی ہیں، ملک سے بدلہ لیا جارہا ہے، ملک کے خلاف تقریر کرنے والوں نے اربوں کی جائیدادیں بنائیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا  تھا کہ انہوں نے ملک کی قیمت پر بیرون ملک جائیدادیں بنائیں، اس بات کاجواب دیں کہ ایون فیلڈ اور دیگر جائیدادوں کے پیسے کہاں سے آئے، جبکہ آپ نے ہر سوال کا جواب دیا ہے، سوائے اس کےجو پوچھا جارہا تھا۔

شبلی فراز نے کہا کہ نواز شریف نے اپنی ذات، خاندان،  پیسوں اور اثاثوں کو بچانے کے لیے اداروں پر تنقید کی، جواب نہیں دینا ہے تو ایسے سوالات اٹھائیں گے  جن کا حقیقت سے تعلق نہیں، آپ نے ملک کی معیشت اور کردار کا ستیاناس کیا، آپ نے ایسے معاہدے کیے جن کی وجہ سے آج بجلی مہنگی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ڈالر کو مصنوعی طور پر برقرار رکھنے کے لیے 23 ارب ضائع کیے، مقامی صنعت اس لیے بند ہوگئی کہ امپورٹ کرنا سستا، مقامی پیداوار مہنگی پڑتی تھیں، آپ کے دور میں برآمدات میں ایک روپے کا اضافہ نہیں ہوا۔

شبلی فراز نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ نےغریب پر پیسا نہیں لگایا کیونکہ آپ کے پاس وقت نہیں تھا، مہنگائی کی جڑ آپ تھے اور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لندن میں بیٹھے منڈیلا بن کر خطاب کررہے ہیں، عمران خان 22 سال سے جدوجہد کررہا تھا، عمران خان کا 22 سال پہلے جو نظریہ تھا آج بھی اس پر قائم ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ آج آپ اداروں کے خلاف باتیں کررہے، وہی ادارے آپ کے ساتھ تھے تو ٹھیک تھے، آپ باہر بیٹھ کر بانی ایم کیو ایم بنے ہوئےہیں۔

تازہ ترین