کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن ) لائرز ونگ بلوچستان نے پارٹی کے صدر و قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کے قائدین کو ایسے مقدمات سے ڈرایا نہیں جاسکتا ۔ مسلم لیگ (ن) لائرز ونگ 11 اکتوبر کو پی ڈی ایم کے جلسے میں بھرپور شرکت کریگا ۔ یہ بات مسلم لیگ (ن) لائرز ونگ بلوچستان کے صدر ملک انور نسیم کاسی ، جنرل سیکرٹری نجم الدین مینگل ، سینئر نائب صدر عمران علوی اور دیگر نے لائرز ونگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں روبینہ محسن ، امین الدین بازئی ، محمد علی شیخ ، راشد رحمٰن ، آصف سلامت سمیت بڑی تعداد میں وکلاء نے شرکت کی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملک انور نسیم کاسی اور دیگر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) لائرز ونگ بلوچستان 11 اکتوبر کو کوئٹہ میں پی ڈی ایم کے زیراہتمام ہونے والے جلسے میں بھرپور شرکت کریگا یہ جلسہ سلیکٹڈ حکمرانوں کے خلاف تحریک کا آغاز ہے اور یہ تحریک حکمرانوں کو گھر بھیجنے تک جاری رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکمران اقتدار کے نشے میں اندھے ہوچکے ہیں اور اپوزیشن کو دبانے کیلئے نیب کا سہارا لے رہے ہیں ، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی گرفتاری سے نیب اور نیازی گٹھ جوڑ عوام کے سامنے آچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) لائزر ونگ کا کنونشن جلد منعقد کیا جائے گا۔