• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوور سیز کمیونٹی کیلئے روشن پاکستان ڈیجیٹل اکاؤنٹ سود مند ہے، طارق وزیر

مانچسٹر (نمائندہ جنگ)مانچسٹر قونصلیٹ میں تعینات قونصل جنرل طارق وزیر کاپاکستانی و کشمیری کمیونٹی سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔گزشتہ روز انہوں نے کاروباری شخصیات کے ساتھ ملاقاتیں کر کے انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے بیرون ممالک بسنے والے پاکستانیوں کو آن لائن روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے بارے میں آگاہی دی ۔ مانچسٹر میں آن لائن کاروبار کرنے والی شخصیات نے انہیں خصوصی طور پر مدعو کیا جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔قونصل جنرل طارق وزیر نے کہا کہ آن لائن کاروباری شخصیات سے ملاقات کا مقصد انہیں حکومت کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی پالیسیوں اور منصوبہ بندی پر آگاہی دینے کے ساتھ انہیں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھولنے اور خاندان کے دوسرے افراد کو بھی ایسا کرنے کی ترغیب دینا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اکاؤنٹ کھولنا ان کے لیے سود مند ثابت ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی اس طرح کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ پاکستانی قونصلیٹ میں کمرشل ویلفیئر اتاشی کی خدمات انجام دینے والے محمد اختر نے کہا کہ کمیونٹی سے ملاقات کا مقصد پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے سنہری مواقعوں کے بارے میں آگاہی دینے کے ساتھ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کو ڈیجیٹل روشن اکاؤنٹ کی جو سہولت دی گئی ہے اس کے بارے میں بتانا تھا۔میاں عمرسلیم نے کہا کہ قونصل جنرل سے ملاقات مفید رہی اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے بارے میں آگاہی ہوئی ۔ ان کا کہنا تھا کہ آن لائن کاروبار کرنے والی شخصیات نے اپنے مسائل پر بات چیت کی ۔ عابد اعوان نے کہا کہ آن لائن کاروبار کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے اور پاکستان اور برطانیہ میں آن لائن کاروبارمیں حائل رکاوٹوں کو دور کرایا جائے تاکہ دونوں ممالک کے آن لائن کاروباری شخصیات ایک دوسرے سے فائدہ اٹھا سکیں ۔ اس موقع پر جاوید اشرف ، اعظم محمود، محمد جاوید ،عابد اعوان ، وسیم عباس ، عامر علی ، محمد رمضان ، ذیشان انس، خالد رحمان، محمد انور، شاہنواز خان ، عطرت حسین، امجد شاہ سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

تازہ ترین