کراچی (ٹی وی رپورٹ) رہنما پاکستان مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہا ہے کہ وہ آصف زرداری کا بحیثیت قومی رہنما احترام کرتے ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ تمام جماعتیں پی ڈی ایم کے پرچم تلے مل کر اس جمہوریت کی جنگ کو کامیاب کریں ۔
جیوکے مارننگ شو ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا مزید کہنا تھاکہ ملک کے مستقبل کے لئے سب کو ماضی سے سیکھنا چاہئے ۔ پی ڈی ایم اے کی میٹنگ میں فیصلہ ہوا تھا کہ ہر جماعت اپنا پروپوزل بنا کر لائے گی اور جو بھی جس جماعت کے پروگرام ہوں گے اس میں دیگر جماعتوں کے قائدین کو بھی دعوت دی جائے گی تاکہ اتحاد اور یکجہتی کا جو اظہار ہے وہ ہر سطح کے اوپر ہو ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے حکمران جماعت سے ملاقات پر پارٹی سے 5 اراکین کو نکال دیاہے ہم آئین کی روشنی میں سیاسی استحکام چاہتے ہیں۔ جرمن سفیر برن ہارڈ شلیگ ہیک نے کہا کہ پاکستان کی ماحولیاتی خوبصورتی نے مجھے بہت متاثر کیا،پاکستانی کھانے پسند ہیں،تحریک انصاف کے رہنمااور معاون خصوصی امور نوجوان عثمان ڈار نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت سو ارب روپے رکھے گئے ہیں۔
پاکستان میں مقیم جرمن سفیر برن ہارڈ شلیگ ہیک نے بتایا کہ اس سال جرمن قومی دن پر جرمنی کے دونوں حصوں کے اتحاد کی 30 ویں سالگرہ ہوگی ۔ جرمن پالیسی بالکل ہی بدل گئی اور یہ دن خوشیاں منانے کا دن ہے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ کورونا صورتحال کی وجہ سے یہ جشن منانے کے لئے مناسب وقت نہیں ہے تاہم ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ایک ورچوئل کنسرٹ کرایا جائے جو زوئی ویکاجی اور ان کا بینڈ کراچی سے کرے گا۔