• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کا بہانہ بنا رہے ہیں، مائیکل مور

معروف ہالی ووڈ فلمسار مائیکل مور نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کورونا وائرس کی تشخیص پر شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ ٹرمپ صدارتی انتخابات ملتوی کرنے کے لیے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں۔

ہالی ووڈ فلمساز مائیکل مور نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر اپنا ایک طویل پیغام جاری کیا جس میں اُنہوں نے کہا کہ ’اہلیہ سمیت ڈونلڈ ٹرمپ کا کورونا وائرس میں مبتلا ہونا ایک چال ہوسکتی ہے کیونکہ وہ آئندہ انتخابات میں ہمدردی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔‘

فیس بُک پر جاری کردہ اپنے پیغام میں مائیکل مور نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ٹرمپ کے بارے میں ایک مطلق سچائی ہے کہ وہ بے رحم اور پیشہ ور جھوٹے ہیں۔‘

مائیکل مور نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ بات ہر ایک شخص جانتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ہر ایک گھنٹے میں دو سے تین بار جھوٹ بولتے ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’جب ہم سب لوگ ٹرمپ کی حقیقت جانتے ہیں تو ہم کیوں اُن کی باتوں پر یقین کریں، کیا معلوم وہ اس بار بھی جھوٹ ہی بول رہے ہوں۔‘

ہالی ووڈ فلمساز نے کہا کہ ’چونکہ ڈونلڈ ٹرمپ کو معلوم ہے کہ وہ نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں شکست سے دوچار ہوں گے تو وہ اِسی وجہ سے اپنی صحت سے متعلق افواہیں پھیلا رہے ہیں۔‘

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’ڈونلڈ ٹرمپ کو اچھی طرح سے معلوم ہے کہ اب انتخابات میں 2016 جیسی کوئی بات نہیں رہی کیونکہ اب لاکھوں امریکیوں کے دلوں میں ٹرمپ کے خلاف نفرت کی آگ بھڑک رہی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ٹرمپ جلد از جلد اس عہدے سے ہٹ جائیں۔‘

واضح رہے کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں، ٹرمپ کو سانس لینے میں دشواری کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، اسپتال منتقلی کے لیے وہ چہرے پر بڑا سا کالا ماسک لگا کر خود چلتے ہوئے ہیلی کاپٹر میں سوار ہوئے۔

صدر ٹرمپ کو اب آئندہ چند روز تک ملٹری اسپتال میں ہی رہنا پڑے گا، جہاں سے وہ صدارتی امور بھی انجام دیتے رہیں گے، ان کا وائٹ ہاؤس ہی میں علاج شروع کردیا گیا تھا اور تجرباتی ٹریٹمنٹ دی جا رہی ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اینٹی وائرل کوویڈ 19 ڈرگ ریمیڈ سیور دی جا رہی ہے، انہیں سپلی مینٹل آکسیجن کی ضرورت نہیں ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ڈولنڈ ٹرمپ میں کوویڈ نائنٹین کی درمیانے درجے کی علامات ظاہر ہوئی ہیں، انہیں بخار ہے، سینے میں درد اور کھانسی ہے۔

صدر ٹرمپ تھکاوٹ کا شکار ہیں، تاہم اینٹی باڈیز دیئے جانے کے موقع پر انہوں نے انکار نہیں کیا، اُنہیں وٹامن ڈی، ایسپرین، فیموٹیڈائین famotidine اور میلاٹونین melatonin بھی دی جا رہی ہیں۔

صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کے تمام ایونٹ عارضی طور پر ملتوی یا ورچوئل کر دیئے گئے ہیں، خاتونِ اوّل میلانیا ٹرمپ کے ایونٹس بھی ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔

تازہ ترین