• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس میں مبتلا ڈونلڈ ٹرمپ اسپتال منتقل

کورونا میں مبتلا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسپتال منتقل


صدارتی انتخابات سے ایک ماہ قبل کورونا وائرس میں مبتلا امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بہتر علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ وہ فیس ماسک لگا کر خود چلتے ہوئے ہیلی کاپٹر میں سوار ہوئے۔ اس سے قبل ان کا وائٹ ہاؤس ہی میں علاج شروع کردیا گیا تھا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ آئندہ چند روز ملٹری اسپتال میں ہی زیر علاج رہیں گے۔ جہاں سے وہ صدارتی امور بھی انجام دیتے رہیں گے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ کو بخار، سینے میں درد اور کھانسی ہے۔ ان میں کوویڈ 19 کی درمیانے درجے کی علامات بھی ظاہر ہوئی ہیں۔

اسپتال منتقلی کی وجہ سے صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کے تمام ایونٹس عارضی طور پر ملتوی یا ورچوئل کر دیے گئے ہیں جبکہ خاتون اول کے ایونٹس بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

صدر کے معالج کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو سینتھیٹک اینٹی باڈیز دی گئی ہیں۔ پولی کلونل اینٹی باڈی کاکٹیل کی آٹھ گرام ڈوز دی گئی ہے۔ صدر ٹرمپ تھکاوٹ کا شکار ہیں۔ انہیں وٹامن ڈی، ایسپرین، فیموٹائی ڈینfamotidine اور میلاٹونین melatonin بھی دی جارہی ہیں۔


گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ ان کا اور اہلیہ میلانیا کا کوروناوائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ جس کے بعد وائٹ ہاؤس ہی میں ان کا علاج شروع کر دیا گیا تھا۔

دوسری جانب امریکی سینیٹر مائیک لی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں تاہم نائب صدر مائیک پنس، انکی اہلیہ کیرین پنس، ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جو بائیڈن، انکی اہلیہ جل بائیڈن اور اسپیکر نینسی پلوسی کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔

تازہ ترین