کورونا وائرس کا شکار ہونے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اسپتال منتقلی پر ان کے بیٹے ایرک اور بیٹی ایوانکا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ والد کی صحت یابی کے لیے دعا کریں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی اسپتال منتقلی پر ان کی بیٹی اور بیٹے نے نیک خواہشات اور والد کی جلد صحت یا بی کی امید ظاہر کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹرمپ کے بیٹے ایرک ٹرمپ ERIC TRUMP نے کہا ہے کہ ان کے والد سچ میں بہادر ہیں، صحت یابی کے لیے عوام سے دعاؤں کی درخواست ہے۔
امریکی صدر کی بیٹی ایوانکا نے کہا ہے کہ ٹرمپ جنگجو شخص ہیں اور کورونا وائرس کو شکست دیں گے، انہیں اپنے والد سے محبت ہے۔
اس کے ساتھ ہی ایونکا نے دل کا ایموجی emoji بھی ٹوئٹ کیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خود کے اور اپنی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے کورونا کا شکار ہونے کے حوالے سے دیئے گئے بیان میں کہا ہے کہ میرے خیال میں اب تک سب ٹھیک ہے۔
ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ اور ان کی اہلیہ خود کو بہتر محسوس کر رہے ہیں، آپ سب کا شکریہ۔
واضح رہے کہ کورونا میں مبتلا امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سانس لینے میں دشواری کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، اسپتال منتقلی کے لیے وہ چہرے پر بڑا سا کالا ماسک لگا کر خود چلتے ہوئے ہیلی کاپٹر میں سوار ہوئے۔
صدر ٹرمپ کو اب آئندہ چند روز تک ملٹری اسپتال میں ہی رہنا پڑے گا، جہاں سے وہ صدارتی امور بھی انجام دیتے رہیں گے، ان کا وائٹ ہاؤس ہی میں علاج شروع کردیا گیا تھا اور تجرباتی ٹریٹمنٹ دی جا رہی ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اینٹی وائرل کووڈ 19 ڈرگ ریمیڈ سیور دی جا رہی ہے، انہیں سپلی مینٹل آکسیجن کی ضرورت نہیں ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ڈولنڈ ٹرمپ میں کوویڈ نائنٹین کی درمیانے درجے کی علامات ظاہر ہوئی ہیں، انہیں بخار ہے، سینے میں درد اور کھانسی ہے۔
صدر ٹرمپ تھکاوٹ کا شکار ہیں، تاہم اینٹی باڈیز دیئے جانے کے موقع پر انہوں نے انکار نہیں کیا، اُنہیں وٹامن ڈی، ایسپرین، فیموٹیڈائین famotidine اور میلاٹونین melatonin بھی دی جا رہی ہیں۔
صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کے تمام ایونٹ عارضی طور پر ملتوی یا ورچوئل کر دیئے گئے ہیں، خاتونِ اوّل میلانیا ٹرمپ کے ایونٹس بھی ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔
چیف آف اسٹاف مارک میڈوز نے توقع ظاہر کی ہے کہ صدر ٹرمپ جلد مکمل صحت یاب ہو جائیں گے، صدر کا پی سی آر ٹیسٹ جمعے کو مثبت آیا تھا۔
امریکی صدر ٹرمپ کی عمر 74 برس ہے، امریکا کے بعض اعلیٰ ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ عمر اور وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے ڈونلڈ ٹرمپ زیادہ سنگین نوعیت کی کوویڈ نائنٹین بیماری کا شکار ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب امریکی سینیٹر مائیک لی بھی کورونا کا شکار ہو گئے ہیں تاہم نائب صدر مائیک پنس، ان کی اہلیہ کیرین پنس، ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جو بائیڈن، ان کی اہلیہ جل بائیڈن اور اسپیکر نینسی پلوسی کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔