کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”نیا پاکستان “ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہےکہ حزب اختلاف اپنی چوری بچانے کے علاوہ کسی اور چیز پر بات کرنے کو تیار نہیں،سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا کہ کراچی کے شہری ایم کیو ایم کی سیاست کو پسند نہیں کرتے وہ ان کی سیاست کا خمیازہ برسوں تک بھگت چکے ہیں ۔وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ ہم تو اپوزیشن سے ہمیشہ بات کرنے کو تیار تھے لیکن بات چیت کس کی کرنی ہے۔ اگر اپوزیشن توانائی، معیشت کی بہتری،مہنگائی میں کمی پر بات کرنا چاہتی ہے تو ہم تیار ہیں۔حزب اختلاف اپنی چوری بچانے کے علاوہ کسی اور چیز پر بات کرنے کو تیار نہیں ہے۔وہ ہمارے سامنے صرف34شق لے کر بیٹھ گئے کہ انہوں نے جو چوری کی ہے اس سے بچنے کے لئے نیب کے قوانین میں ترامیم کی جائیں ۔اپوزیشن ہمارے ساتھ ایک ماہ پہلے تو بیٹھ کر مذاکرات کررہی تھی مگر ایک ماہ میں ایسا کیا ہوگیا کہ اب بات چیت نہیں کرنی۔یہ دو سال سے این آر او مانگ رہے تھے اور عمران خان نے ان کو این آر او دینے سے انکار کردیا۔اب وہ اپنی چوری کی دولت بچانے کے لئے پاکستان کی سڑکوں کا رخ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔اپوزیشن کو ہم نے نہیں نیب نے جیلوں میں بھیجا ہے۔شہباز شریف کے ایک دو مقدمات نئے ہیں باقی انہوں نے ایک دوسرے کے خلاف بنائے تھے۔اس وقت پوری دنیا کی معیشت بہت خراب چل رہی ہے۔ اس پورے خطے میں اور دنیا کے اندر جو بہترمعیشت چل رہی ہیں اس میں پاکستان کا نام آئی ایم ایف کی رپورٹ اور وال اسٹریٹ کی رپورٹ میں آتا ہے ۔ہمارے دروازے پہلے بھی کھلے تھے آج بھی کھلے ہیں۔ نہ کل ہم قانون میں ان کی چوری کو بچانے کے لئے بلیک میل ہونے کو تیار تھے نہ آج ہیں نہ کل ہوں گے۔