• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: SOPs خلاف ورزی پر 4 شادی ہالز کو وارننگ،12 ریسٹورنٹس سیل


کراچی میں کورونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی پر انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے مزید 4 شادی ہالز کو وارننگ اور 12 ریسٹورنٹس کو سیل کر دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق شہر میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا چوتھے روز بھی آپریشن جاری ہے۔

انتظامیہ نے شہر کے 6 اضلاع کے 225 شادی ہالز میں سے مزید 33 کا معائنہ کیا، 4 شادی ہالز کو وارننگ دی جبکہ ایک کو 30 ہزار روپے جرمانہ کیا ہے۔


ذرائع کے مطابق شہر قائد میں اب تک 9 شادی ہالز کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سیل کیا گیا ہے، آج مزید 60 ریسٹورنٹس کا بھی معائنہ کیا گیا جن میں سے 45 ریسٹورنٹس ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے پائے گئے۔

اس موقع پر انتظامیہ کی جانب سے 29 ریسٹورنٹس کو وارننگ دی گئی جبکہ 12 ریسٹورنٹس کو سیل کر دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اب تک ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 171 ریسٹورٹنس سیل ہوچکے ہیں۔

مزید کارروائی میں شہر میں 6 دکانوں، فیکٹریوں اور میڈیکل اسٹورز کو بھی سیل اور 1 لاکھ 91 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

تازہ ترین