آنجہانی بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے گھر والوں نے اپنے جگر گوشہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے نتائج کا منفرد انداز میں جواب دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آنجہانی سشانت کے اہلِ خانہ نے ان کی ورک آؤٹ کی ایک ویڈیو شیئر کی۔
اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سشانت سنگھ راجپوت محنت کے ساتھ ورک آؤٹ میں مصروف ہیں۔
اس ٹوئٹ کے دوران ان کے اہلِ خانہ نے لکھا کہ ’کوئی شخص اپنے آپ کو قتل کرنے کے لیے اتنی محنت نہیں کرتا، یہ (سشانت سے متعلق) تھیوری مضحکہ خیز ہے۔‘
واضح رہے کہ ایک روز قبل آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز) نے سشانت کی پوسٹ مارٹم کی جائزہ رپورٹ جاری کی۔
اس رپورٹ میں سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے پیچھے قتل کے امکان کو رد کر دیا گیا جبکہ اسے خودکشی قرار دے دیا گیا تھا۔
مذکورہ رپورٹ کو سشانت سنگھ راجپوت کے اہلِ خانہ کے وکیل وکاس سنگھ نے مسترد کردیا تھا اور کہا تھا کہ سی بی آئی ابھی بھی آنجہانی اداکار کی موت میں قتل کے زاویے کی تحقیقات کر سکتی ہے۔
تاہم اب سشانت سنگھ راجپوت کے اہلِ خانہ نے ایک مضبوط بیانیے کے ساتھ سامنے آئے ہیں جس میں انھوں نے ایمز کی رپورٹ کو ’مضحکہ خیز نظریہ‘ قرار دے دیا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر سرگرم سشانت سنگھ راجپوت کی بہن شویا سنگھ کیرتی نے اداکار کے مداحوں سے ثابت قدم رہنے کی اپیل کی ہے۔
واضح رہے کہ 14 جون کو سشانت سنگھ راجپوت ممبئی میں اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔
ان کی موت کو ابتدا میں ہی پولیس کی جانب سے خودکشی قرار دے دیا گیا تھا۔