بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)سہ روزہ انسداد پولیو مہم بہاول پور ضلع میں 25اپریل سے شروع ہو گی۔ اس دوران 5لاکھ 97ہزار سے زائد 5سال تک کی عمر کے بچوں کو گھر گھر جا کر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔یہ بات ڈی سی او آفس کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی جس کی صدارت ڈسٹرکٹ آفیسر کوآرڈینیشن انجینئر امجد بشیر نے کی، اس موقع پر ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد خلیق، ڈی ایچ او ڈاکٹر سعید اصغر، ڈی ایس پی راؤ قاسم، ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ صحت، تعلیم اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے، ڈی او کوآرڈینیشن نے محکمہ پولیس سے کہا کہ پولیو مہم کے دوران متعلقہ تھانوں کی موبائل ٹیمیں موثر انداز میں گشت کریں،ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد خلیق نے بتایا کہ مہم کو کامیاب بنانے کے لئے 1344ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 1062موبائل ٹیمیں، 150فکسڈ ٹیمیں، 114ٹیمیں بس، ویگن سٹینڈ، ریلوے سٹیشن وغیرہ پرتعینات کی گئی ہیں جبکہ 18ہیلتھ ٹیمیں بازاروں میں والدین کے ہمراہ آنے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس دوران 257ایریا انچارج، 120یونین کونسل میڈیکل آفیسرز،6تحصیل سپروائزر اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔ای ڈی او ہیلتھ نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں ڈینگی مچھر کے خاتمہ کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)جماعت اسلامی کےرہنما ڈاکٹر سید وسیم اختر نے پنجاب اسمبلی میں گزشتہ روز شادی بیاہ میں ایک سے زیادہ ڈشز پیش کرنے پر پابندی کے بل منظور کئے جانے پر تحسین کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اس اقدام کی مکمل حمایت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ اس بل کی منظوری ان والدین کو اپنی بیٹیوں کی شادی سادگی سے کرنے میں آسانی ہو گی جو کہ معاشی طور پر کمزور ہیں ۔ عوامی مفاد میں قانون سازی کرنا اچھی بات ہے، مگر پنجاب حکومت کا اصل امتحان اس بل پر عملدرآمد پر ہو گا۔