لاہور( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا ﷲ تارڑ نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کو مناظرے کا چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز گل مکمل طور پر اپنا ذہنی توازن کھو چکے ہیں۔
اپنے بیان میں عطا ﷲ تارڑ نے کہا کہ مریم نواز شریف پر الزامات لگانے والے اپنے گریبان میں جھانکیں،عمران نیازی کی کابینہ غیر ملکیوں سے بھری پڑی ہے جو پاکستان کے مفاد کیخلاف کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز گل کو مناظرے کا چیلنج کرتا ہوں جو الزامات لگائے گئے ہیں آمنے سامنے بیٹھ کر اپنی مرضی کے چینل پر مناظرہ کر لیں،بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنے والی سیاسی جماعت کا عنقریب خاتمہ ہونے والا ہے۔ ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز شریف کے پولیٹکل سیکرٹری ذیشان ملک نے کہا ہے کہ شہباز گل کو امریکا کی یونیورسٹی سے نکالا گیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران نیازی شیشے کے گھر میں بیٹھے ہے ان کیلئے عافیت اسی میں ہے کہ وہ پتھر نہ اچھالیں۔اگر عمران نیازی کی اصلیت ہمیں بتانی پڑی تو پوری قوم شرمندہ ہوگی کہ کیسا آدمی وزیر اعظم ہائوس بیٹھا ہے۔