کراچی (جنگ نیوز) امریکا میں اس وقت انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے اور کورونا بحران کی بندشوں کے باوجود تین نومبر کا الیکشن قومی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔امریکا کے صدارتی انتخابات میں اُن شہریوں کو ووٹ ڈالنے کا حق حاصل نہیں ہے جو امریکا کے زیرِ انتظام پانچ علاقوں میں رہائش پذیر ہیں۔ ویسٹ انڈیز اور بحر الکاہل کے خطوں میں واقع ان علاقوں میں یو ایس ورجن آئی لینڈز، پورٹوریکو، امریکن سمووا، گوام اور شمالی ماریانا آئی لینڈز شامل ہیں۔ ان علاقوں میں رہائش پذیر امریکی شہریوں کی مجموعی تعداد 40 لاکھ ہے۔