وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے، سب دیکھ سکتے ہیں پیپلز پارٹی کی قیادت کتنی منافق ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے علی زیدی نے سیکریٹری لینڈ یوٹیلائزیشن سندھ کی طرف سے جولائی 2020ء میں کیبنٹ ڈویژن کو لکھا گیا خط شیئر کردیا۔
سیکریٹری لینڈ یوٹیلائزیشن سندھ کے خط کے مطابق صوبائی کابینہ نے کہا ہے کہ قانون کے مطابق بنڈل آئی لینڈ وفاقی حکومت کے لیے دستیاب ہے۔
علی زیدی نے مزید کہا کہ بنڈل جزیرے کے معاملے پر کوئی غیر آئینی قدم نہیں اٹھایا، جزائر پورٹ اتھارٹی کی حدود میں آتے ہیں۔
گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے جزائر وفاق کی تحویل میں لیے جانے کی مخالفت کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے ساتھ ہی استفسار کیا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کا یہ عمل نریندر مودی سرکار کے مقبوضہ کشمیر میں کیے اقدامات کس طرح مختلف ہے؟
پی پی چیئرمین نےمزید کہا تھا کہ اس اقدام کی قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ساتھ سینیٹ میں بھی مخالفت کی جائے گی۔