وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے حکومت مخالف جلسوں سے کورونا وائرس کا پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ مجھے ڈر ہے کہ پی ڈی ایم کے جلسوں سے کورونا وائرس نہ پھیل جائے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد جس دن جلسہ کرے گا، اس کے اگلے روز میں جواب دوں گا، وزیر اعظم عمران خان نے انہیں جواب دینے کی ذمے داری میرے سپرد کی ہے، میں ان کی اینٹ کا جواب پتھر سے دوں گا۔
وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کسی صورت پی ڈی ایم کے ساتھ زیادہ دیر تک نہیں چلے گی جبکہ مسلم لیگ (ش) 31 دسمبر سے 20 فروری کے درمیان بن جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف بڑے سمجھدار ہیں، وہ سوچ سمجھ کر جیل گئے ہیں، مسلم لیگ (ش) بن کر رہے گی، عقلمندوں کو پتا ہے، میں نے ش شہباز شریف کے لیے نہیں کہا۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ مریم نواز کا اس وقت تک احترام کروں گا جب تک وہ میرے بارے میں کچھ نہ کہے۔
انہوں نے کہا کہ میں آصف زرداری کا ترجمان نہیں ہوں، مجھے بلاول سے لڑوا دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ میں نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو وطن واپس لانے کے لیے ووٹ دیا ہے، آزاد کشمیر کا وزیر اعظم ویسے ہی رو رہا ہے، پتہ نہیں کون مرگیا ہے۔