• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف حکومت پر تنقید کرتے تو کوئی مسئلہ نہیں تھا، فواد چوہدری


کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کی کوشش ہے اپنے خلاف چوری اور بدعنوانیوں کے کیسوں کو سیاسی بنایا جائے، تحقیق ہونی چاہئے کہیں ن لیگ نے خود ہی نواز شریف پر بغاوت کا کیس تو نہیں کروالیا ہے، نواز شریف حکومت پر تنقید کرتے تو کوئی مسئلہ نہیں تھا ہمیں جواب دینا آتا ہے۔

نواز شریف کو اخلاقی طور پر خود وطن واپس آنا چاہئے۔ وہ جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر بھی شریک تھے۔محمد زبیر نے کہا کہ حکومت عمران خان کی ہے وہی چالیس لوگو ں کیخلاف بغاوت کے مقدمے کے ذمہ دار ہیں، تحریک کے اعلان پر حکومت کے ہاتھ پاؤ ں کانپ گئے ہیں۔

مریم نواز اور ن لیگ کی قیادت کی ریلی ہوگی تو لوگوں کا سمندر ہوگا،سیاست کریں اور ہمیں بھی کرنے دیں پھر دیکھیں عوام کس کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے، حکومت مقابلہ کرنے کے بجائے اداروں کے پیچھے چھپ رہی ہے۔وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ کوئی حکومت بھی چوروں کو باغی کے اسٹیٹس پر فائز کیوں کروائے گی، ہم ان حالات میں نواز شریف کو کیوں اس طرح کا موقع دیں گے۔

نواز شریف کی کوشش ہے اپنے خلاف چوری اور بدعنوانیوں کے کیسوں کو سیاسی بنایا جائے، نواز شریف کیخلاف مقدمات دستاویزی شواہد پر بنائے گئے کوئی سیاسی مقصد نہیں ہے، نواز شریف کے خلاف کیسز پاناما پیپرز کے بعد شروع ہوئے تھے، شہباز شریف کیخلاف 41والیوم پر مشتمل شواہد موجود ہیں۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پولیس والے ن لیگ کے ساتھ ہیں تحقیق ہونی چاہئے کہیں انہوں نے خود ہی کیس تو نہیں کروالیا ہے۔

مدعی کی تصاویر تو سب کے ساتھ ہیں لیکن یہ مسئلہ نہیں ہے، تحریکوں کا جواب سیاسی طریقوں سے دیا جاتا ہے، ہم سیاسی جواب دیں گے پکڑ دھکڑ پر یقین نہیں رکھتے ہیں، یہ حکومت پر تنقید کرتے کوئی مسئلہ نہیں تھا، ہمیں تنقید سہنے کی بھی عادت ہے، سننے کا بھی حوصلہ ہے اور جواب دینا بھی آتا ہے۔

تازہ ترین