راولپنڈی (نمائندہ جنگ ، مانیٹرنگ ڈیسک ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف ہماری جنگ پائیدار امن اور استحکام کے آنے تک جاری رہے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے یہ بات کرنل مجیب الرحمٰن شہید کے گھر آمد کے موقع پر ان کے اہلخانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر آرمی چیف کیساتھ انکی اہلیہ بھی تھیں۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کرنل مجیب الرحمٰن شہید کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے افسروں اور جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دیرپا امن واستحکام کیلئے دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی،آئی ایس پی آر کے مطابق کرنل مجیب الرحمٰن ٹانک میں دوران آپریشن شہید ہوئے تھے۔