نیویارک(عظیم ایم میاں) امریکی انتخابات کے موقع پر سیاسی شخصیات کو اغوا کرنے اور ملک کو بحران میں مبتلا کرنے کی ایک اور تشدد پسندوں کی سازش کو بے نقاب کرتے ہوئے امریکی ایف بی آئی اور مقامی لاء انفورسٹمنٹ اداروں نے ریاست مشی گن کی خاتون ڈیموکریٹ گورنر کو اغوا کرنے کی سازش کے الزام میں 7افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
؎ان انتہا پسند افراد کا تعلق اُن مظاہروں سے بھی بیان کیا جاتا ہے جنہوں نے صدر ٹرمپ کے ٹوئٹ ’’مشی گن کو آزاد کرالو‘‘ (LIBERATE MICHIGANN) کے ایام میں ریاست مشی گن میں احتجاجی مظاہرے بھی کیے تھے اور ریاست کی سرکاری عمارتوں پر اپنے پرچم بھی لہرائے تھے۔
امریکی ایف بی آئی اے نے ان گرفتاریوں اور سازش کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ایڈم فاکس اور اس کے ساتھیوں کو امریکی انتخابات سے قبل مشی گن ریاست کی ڈیمو کریٹ خاتون گورنر گریئچن دھمر (WHITMER) کو اُن کی رہائش گاہ سے اغوا کرنے کی سازش کے الزام میں گرفتار کیا ہے اور ایف بی آئی اور مقامی لاء انفورسٹمنٹ ان افراد کی ایک عرصہ سے نگرانی کررہے تھے۔
ایف بی آئی نے گرفتار شدگان کے نام اور الزامات کی تفصیل بتاتے ہوئے اس ملیشیا گروپ کو انتہا پسند بیان کیا ہے۔ ایف بی آئی اے کے اس انکشاف اور گرفتاریوں نے امریکہ کی انتخابی سیاست کو ایک نئے بحران سے دوچار کردیا ہے۔