اسلام آباد(نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف ووٹ کی عزت کی بات کرتے ہیں، اس لئے عمران صاحب ریاستی طاقت کا استعمال کرکے ان کی تقریر پر پابندی لگاتے ہیں، عوام سمجھ چکے ہیں کہ جب تک ملک میں آئین، قانون، پارلیمان اور ووٹ کی عزت نہیں ہوگی، اس وقت تک عوام سزا کاٹیں گے۔ عوام کو مہنگائی کے جو جھٹکے دئیے جارہے ہیں، پی ڈی ایم ان سے عوام کو نجات دلائے گی، بجلی مہنگی کرکے عوام کی جیب پر 10 ارب کا ڈاکہ مارا گیا، عوام کو خوشخبری دیتے ہیں کہ یہ نااہل، ووٹ،آٹا،چینی، دوائی چور کرپٹ حکومت کے آخری اعلانات ہیں۔ اب حکمران گھبرا رہے ہیں، عوام کو اب گھبرانے کی ضرورت نہیں کیونکہ عوام کی تقدیر دوبارہ نوازشریف کے ہاتھ میں ہے۔ دوبارہ عوام کو روزگار ملے گا، معیشت بحال ہوگی، عوام کا آٹا، چینی چوری نہیں ہوگا۔