بلوچستان کے ضلع دکی سے ڈینگی وائرس کا نیا کیس رپورٹ ہوا ہے، صوبے میں رواں سال کے دوران اب تک ڈینگی وائرس کے 747 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
محکمۂ صحت کے حکام کے مطابق ضلع دکی کے ڈینگی وائرس سے متاثرہ بچے کا علاج فاطمہ جناح جنرل اینڈ چیسٹ اسپتال کوئٹہ میں جاری ہے اور اس کی حالت قدرت بہتر ہے۔
اسپتال لائے گئے ایک اور مشتبہ مریض کے نمونے تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں ڈینگی وائرس کی صورتِ حال موجود ہے اور رواں سال سب سے زیادہ تربت، گوادر اور لسبیلہ کے اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔
تربت میں سب سے زیادہ 442 کیس رپورٹ ہوئے ہیں، 200 سے زائد کیسز گوادر میں اور دیگر لسبیلہ سے سامنے آئے ہیں، متاثرہ مریض علاج کے بعد صحت یاب ہوئے ہیں۔