اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران کے جانے کا کائونٹ ڈاؤن شروع ہوگیا۔ ’’عمران صاحب‘‘ آپ کا قیمے کے نان کھانے اور ستو پی کر سوجانے کا وقت ہوا جاتا ہے۔
عمران خان تمام جیلوں کے دروازے کھول لیں کیونکہ 22کروڑ عوام جیل بھرنے کو تیار ہیں۔ جب وزیراعظم نواز شریف کی طرح منتخب ہو تو عمران خان کا دھرنا لائیو دکھایا جاتا ہے۔ جب وزیراعظم آپ کی طرح سیلیکٹڈ ہو تو نواز شریف کی تقریر پر بین لگتا ہے۔
اپنے بیان میں ن لیگ کی ترجمان نے کہا کہ اڑھائی سال سے آپ سیاسی مخالفین‘ میڈیا اور ہر سچ بولنے والے کو جیل میں ڈال رہے ہیں۔ عمران خان اب عوام آٹا چینی چوری کے خلاف نکلیں گے۔ اب عوام‘ ڈاکٹرز‘ اساتذہ‘ وکلاء‘ نوجوان‘ میڈیا اپنے آئینی‘ قانونی اور جمہوری حق کو واپس لینے نکلیں گے۔
پاکستان کے عوام بجلی‘ گیس‘ دوائی اور آٹا چینی چوری کا حساب لینے آرہے ہیں سیٹ بیلٹ باندھ لو۔ ’’عمران صاحب‘‘ عوام 33 خفیہ اکاؤنٹس کا حساب لینے کے لئے نکلیں گے۔