اسلام آباد(جنگ نیوز) کورونا کیسز میں اضافے پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر (ڈی ایچ او) اسلام آباد نے مختلف گلیاں سیل کرنے کیلئے مراسلہ جاری کردیا ہے جس کے مطابق سیکٹر جی ٹین فور کی 38، 44، 45، 46، 47اور 48نمبر گلیاں سیل کی جائیں گی،مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سیکٹر آئی 8 ٹو کی گلیاں 25اور 29 جب کہ سیکٹر جی نائن فور کی 85اور 89 نمبر گلی کو سیل کیا جائے گا،ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ بروقت اسمارٹ لاک ڈاؤن سے کورونا کیسز کے پھیلاؤ میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ آج اسلام آباد میں 88 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں کیسز کی تعداد 17210 ہوگئی ہے۔خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک کورونا کی دوسری لہر آنے کا خطرہ ظاہر کیا تھا جب کہ کراچی کے بھی متعدد علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔