• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی حکومت کی سب سے بڑی دشمن، اس سال نہ روکا تو عوام کا غصہ بڑھے گا، 20فروری تک اپوزیشن کا کام تمام ہوجائے گا، شیخ رشید

20فروری تک اپوزیشن کا کام تمام ہوجائے گا، شیخ رشید


کراچی (ٹی وی رپورٹ)وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ مہنگائی حکومت کی سب سے بڑی دشمن ہے یہ بات کابینہ میں بھی کہتا ہوں‘عمران خان نے لوگوں کو نفرت نہیں البتہ مہنگائی کی وجہ سے اختلاف ضرور ہوگیا ہے۔

عمران خان کی شخصیت پر کوئی الزام نہیں حکومت کی کارکردگی پر الزام ہے، مہنگائی کو اس سال نہ روکا تو ہمارے خلاف عوام کا غصہ بڑھے گا‘ عمران خان مہنگائی کو ختم کردیں گے اور پانچ سال پورے کریں گے‘ اپوزیشن جلسوں سے کورونا پھیلائے گی جبکہ دہشتگردی کا کوئی واقعہ بھی ہوسکتا ہے۔

انڈین ایجنٹس ملک میں دہشتگردی کی کارروائیاں کرنا چاہتے ہیں‘ انڈین دہشتگردوں کی ٹیم پکڑی گئی جو سنی اور شیعہ علماء کوشہید کرنا چاہتی تھی‘ عمران خان کہیں نہیں جارہے ان کو جتنے جلسے جلوس کرنے ہیں کرلیں ‘ انہوں نے قانون ہاتھ میں لیا تو قانون ان کے ساتھ دو گز لمبا ہاتھ کرے گا، اپوزیشن 27دسمبر تک جلسہ مہم ختم کریں۔

20فروری تک ان کا کام تمام ہوجائے گا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اپوزیشن سے الگ ہوجائے گی، فضل الرحمن بپھرے ہوئے ہیں بپھرے رہیں، مولانا مفتی محمود نے بھی ایک حکومت کو سلیکٹڈ کہا تھا اس کا نتیجہ ہمارے سامنے ہے، اپوزیشن کے جلسوں پر حکومت ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھی نہیں رہتی ہے، اپوزیشن نے قانون ہاتھ میں لیا تو قانون ان کا وہ حال کرے گا کہ یاد رکھیں گے۔

پیپلز پارٹی سندھ سے استعفے نہیں دے گی‘ہمارے ساتھ اپوزیشن جماعتوں کو بھی آپس میں الیکشن لڑنا ہے‘ عمران خان نے چینی آٹے کا معاملہ حل کرلیا تو اس پر چوری اور کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہے‘ایم ایل ون عمران خان اور قمر جاوید باجوہ کی وجہ سے بن رہا ہے۔ 

شیخ رشید نے کہا کہ لوگوں کوا ختلاف رائے کا حق ہے جلسے جلوس کریں بعد میں ان کو ٹوٹنا ہے، اپوزیشن چار مہینے گند ڈالے گی کسی جگہ گند پڑگیا تو خانہ جنگی ہوسکتی ہے۔

حالات خرا ب ہیں چار مہینے میں مجھ سمیت کوئی شخص بھی مارا جاسکتا ہے،ساری قوم سے کہتا ہوں اپوزیشن کا ایجنڈا خوفناک ہے‘یہ پاکستان کے استحکام کے خلاف عالمی ایجنڈا ہے اور نواز شریف اس کے آلہ کار بن رہے ہیں۔

تازہ ترین