• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قوم کو ٹائیگر فورس نہیں سستی اشیاء چاہئیں، سراج الحق

قوم کو ٹائیگر فورس نہیں سستی اشیاء چاہئیں، سراج الحق 


لاہور(نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قوم کو ٹائیگر فورس نہیں سستی اشیاء چاہئیں ۔حکومت مزید کچھ عرصہ رہی تو عوام بھوکے مر جائینگے، ہر حکومت نے اپنی فورس بنائی جس نے سب کچھ ہڑپ کر کے عوام کی زندگی اجیرن کردی ۔وزیراعظم ان ٹائیگرز کو اشیاء کی قیمتیں معلوم کرنے پر لگارہے ہیں جو پہلے ہی آٹا چینی کھا گئے ہیں ۔حکومت کے ٹائیگرز نے تو باہر سے ملنے والی امداد کو بھی نہیں چھوڑا ۔ حکمران باہر سے میٹھے اور اندر سے کڑوے ہیں ۔ اگر یہ حکومت مزید کچھ عرصہ رہی تو عوام بھوکے مرنے لگیں گے ۔عوام بھی اپنے قول و فعل سے باہر نکلیں ، سانپوں کے منہ میں دودھ ڈالنے کی بجائے اپنی آنے والی نسلوں کے مستقبل کی فکر کریں ۔ حکومت عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسا رہی ہے ۔ جماعت اسلامی بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف سخت احتجاج کرے گی اور ملک بھر میں عوام کو منظم کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کے زیراہتمام فیملی گالا پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فیملی گالا میں خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ فیملی گالا سے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ ، چوہدری منظور گجر اور امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے بھی خطاب کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ نالائق اور نااہل حکمرانوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ضروری ہو گیاہے۔

تازہ ترین