زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی تیاریاں اب آخری مرحلے میں ہیں اور ایک عام تاثر یہی ہے کہ مصباح الحق کمزور حریف کے خلاف نوجوان ٹیم کو میدان میں اتاریں گے۔اس وقت قومی ٹی ٹوئینٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا دوسرا مرحلہ پنڈی میں جاری ہے اور سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے 20سالہ عبداللہ شفیق کے علاوہ کوئی ایسا نوجوان نظر نہیں آتا جس نے اس ٹورنامنٹ میں غیر معمولی کارکردگی دکھائی ہو۔عبداللہ شفیق نےملتان میں دوسرے میچ میں صرف 89 گیندوں پر 102 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل ڈالی جس میں چار چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔
انہوں نے کامران اکمل کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 145 رنز کا اضافہ کر کے اپنی ٹیم سینٹرل پنجاب کو باآسانی سات وکٹوں سے فتح دلا دی۔عبداللہ شفیق پاکستان کے چوتھے بیٹسمین ہیں جنھوں نے اپنے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنچری بنائی ہے ان سے قبل معین خان ( 2005) آصف علی ( 2011) اور بلال آصف ( 2015) میں اپنے اولین ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنچری اسکور کر چکے ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ عبداللہ شفیق نے اپنے فرسٹ کلاس کریئر کا آغاز بھی سنچری کے ساتھ کیا تھا۔ انھوں نے گذشتہ سال سینٹرل پنجاب کی طرف سے سدرن پنجاب کے خلاف 133رنز سکور کیے تھے۔
عبداللہ شفیق بھارت کے شیوام بھمبری کے بعد دوسرے بیٹسمین ہیں جنھوں نے اپنے پہلے فرسٹ کلاس اور پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ہی سنچری اسکور کی ۔حالانکہ پی سی بی ڈائریکٹر ندیم خان یہ دعو ی کررہے ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق نئے ڈومیسٹک سسٹم کے ثمرات ملنا شروع ہوگئے ہیں اور کئی باصلاحیت کھلاڑی اس سسٹم سے سامنے آرہے ہیں۔
زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان کے اسکواڈ کا اعلان 19 اکتوبر کو ہوگا۔نیشنل ٹی ٹونٹی کپ سیکنڈ الیون کے میچز کا جائزہ لینے کے لیے قذافی اسٹیڈیم لاہور آمد پر مصباح الحق کا کہنا تھا کہ وہ زمبابوے کے خلاف سیریز کا اعلان نیشنل ٹی ٹونٹی کپ مکمل ہونے کے بعد کریں گے، قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور مصباح الحق نے کہا کہ مہمان ٹیم کے خلاف ہوم سیریز کے لیے ٹی ٹونٹی اور ون ڈے فارمیٹ کے لیے مجموعی طور پر 22 یا 23 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا، ایک سال بعد ایک روزہ کرکٹ کی تیاری کے لیے اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کی پریکٹس کے لیے انٹرا اسکواڈ میچز کی منصوبہ بندی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ قومی ٹی ٹونٹی کپ فرسٹ اور سیکنڈ الیون میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینا چاہتے، اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان کرکٹرز کو زمبابوے اور نیوزی لینڈ کے خلاف موقع دے سکتے، مصباح الحق نے کہا کہ بطور چیف سلیکٹر ان کے لیے خوش آئند بات یہ ہے کہ قومی ٹی ٹونٹی کپ میں نئے اور باصلاحیت کھلاڑی بہت اچھا پرفارم کررہے ہیں، زمبابوے کے خلاف سیریز میں سینئرز کو آرام دینے یا نہ دینے کے بارے میں ابھی سوچ و بچار جاری ہے۔
پاکستانی کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ زمبابوے کے خلاف بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے،زمبابوے سے جیت کر نیوزی لینڈ روانگی سے قبل موممنٹم حاصل کرنا چاہتے۔ دنیا کے صف اول کے بیٹسمین بابر اعظم نے ماضی کے عظیم بیٹسمین محمد یوسف کے ساتھ اپنی بیٹنگ کو بہتر بنانے کے لئے کام شروع کردیا ہے۔محمد یوسف ،نیٹس پر بابر اعظم کی تکنیک پر کام کررہے ہیں۔لاہور میںہائی پرفارمنس سینٹر کےبیٹنگ کوچ محمد یوسف نے کپتان بابراعظم کی سکلز کو مزید بہتر کرنے کے لیے کام شروع کر دیاہے۔
محمد یوسف ، بابراعظم کی ا سکلز پر بہت محنت کر رہے ہیں۔دوسری جانب پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقاریونس کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق کی بھی یہ ہی سوچ ہے کہ نئے لڑکوں کو موقع ملنا چاہیے،مجھے کہنا تونہیں چاہیے لیکن حقیقت یہ ہی ہے کہ زمبابوے کی ٹیم کمزور حریف ہے اس کے خلاف نوجوانوں کو آزمانے کا یہ بہترین وقت ہوگا۔ اس وقت ہماری ٹیم میں شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین، حارث روف ابھی نئے ہیں جو کھیل رہےہیں، اگر موجودہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کوئی نیا کھلاڑی مسلسل زیادہ بہتر کارکردگی دکھاتا ہے تو اس کو زمبابوے کے خلاف سیریزمیں موقع دیا جاسکتا ہے۔
ہم سب ان کی کارکردگی پر نظر رکھے ہوئے ہیں، تمام میچز میں سب کا کی کارکردگی کو پرکھا جارہا ہے۔وقار یونس نے کہا کہ زمبابوے کے خلاف سیریز نئے لڑکوں کے لیے بہترین پلیٹ فارم ثابت ہو گی۔ ہوم سیریز میں کھیلنا اور پرفارم کرنا ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے۔ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ سے ون ڈے کرکٹ میں واپسی زیادہ مشکل نہیں ہوگی،اس کے لیے اچھی تیاری کرنے کی ضرورت ہوگی۔پنڈی میں قومی ٹی ٹوئینٹی ٹورنامنٹ کے دوسرے راونڈ میں ہوسکتا ہے کہ مزید ٹیلنٹ سامنے آئے۔
زمبابوے کے خلاف اب ملتان کے بجائے لاہور میں میچز ہوں گے، ۔زمبابوے کے بعد آئندہ سال کے شروع میں جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔جنوبی افریقا کے دو سیکیورٹی ماہرین کی ایک ٹیم آئندہ ماہ کراچی،لاہور اور راولپنڈی کا دورہ کرے گی اور قومی ٹیم کے دورہ پاکستان سے قبل سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لے گی۔
جنوری اور فروری میں جنوبی افریقا نے دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے انٹر نیشنل میچ کھیلنے پاکستان آنا ہے۔امید ہے کہ وہ نومبر میں دورہ پاکستان کی تصدیق کردیں گے۔غیر ملکیوں کو پاکستان میں اعتماد ملا ہے اس لئے ہم زمبابوے اور جنوبی افریقا کی میزبانی کے لئے تیارہیں۔
پی سی بی سی ای او وسیم خان کا کہنا ہے کہ کرکٹ جنوبی افریقا کا ایک خط پی سی بی کو ملا ہے جس میں انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ نومبر میں پاکستان سپر لیگ فائیو کے بقیہ چار میچوں کے دوران ان کے سیکیورٹی کنسلٹنٹ روری اسٹین اور باب نکلز لاہور آئیں گے ۔دونوں پاکستان سپر لیگ کے چاروں میچ دیکھیں گے جس کے بعد وہ کراچی اور پنڈی بھی جائیں گے۔
پی ایس ایل میچ14,15,17نومبر کو قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔پی سی بی کو امید ہے کہ انہیں پاکستان میں بایو سیکیور ببل دیکھنے کا بھی موقع ملے گا۔ وسیم خان نے کہا کہ ماضی میں غیر ملکی سیکیورٹی کمپنی کےاخراجات آئی سی سی ادا کرتا تھا اب پی سی بی کو یہ اخراجات خود دینا ہوتے ہیں۔رگ ڈگسن کی کمپنی کے ایک نمائندے کی خدمات ہم نے پی ایس ایل کے لئے حاصل کی ہوئی ہے۔ان کا ایک سیکیورٹی ماہر آئندہ ماہ لاہور آرہا ہے۔
اس کی موجودگی میں ہم جنوبی افریقا کو ہوٹلوں کے انتظامات اور سڑکوں کے روٹس کے بارے میں بریف کریں گے۔ جنوبی افریقا کے سیکیورٹی ماہرین کو بھی آئی سی سی کی تصدیق شدہ کمپنی پاکستان کے انتظامات پر ایک پرزنٹیشن دے گی،پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ زمبابوے کرکٹ کا 5 رکنی وفد سیریز کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے رواں ماہ پاکستان کا دورہ کررہا ہے جو راولپنڈی اور لاہورمیں انتظامات کا جائزہ لے گا۔جبکہ23اکتوبر زمبابوے کی ٹیم اسلام آباد پہنچے گی۔
بایو سیکیور ماحول میں پی سی بی نے قومی ٹی ٹوئینٹی ٹورنامنٹ سے سیزن کا آغاز کردیا ہے۔جبکہ سیزن کے دوران زمبابوے اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کریں گی۔ٹی ٹونٹی کرکٹ میلہ کے پہلے مرحلے میں بیٹسمینوں کا راج رہا۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے 14 میچوں کی 8 اننگز میں 200 یا اس سے زائد کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا گیا۔ یہاں مجموعی طور پر 481 چوکے اور 180 لگے۔ عبداللہ شفیق ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں بھی ڈیبیو میچ پر سنچری بناکر سب کی توجہ اپنی طرف مبذول کرانے میں کامیاب رہے۔ سدرن پنجاب کے خلاف میچ میں 102 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے والے عبداللہ شفیق اب تک ایونٹ میں پانچ میچوں میں 236 رنز بناکر ٹاپ اسکورر ہیں۔
ٹی ٹونٹی کرکٹ کے سب سے کامیاب بولر شاہین شاہ آفریدی نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں بھی تمام بولروں سے سب سے آگے ہیں۔ ایونٹ میں 2 مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے خیبرپختونخوا کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر اب تک ایونٹ میں 12 وکٹیں اپنے نام کرچکے ہیں۔دیکھنا یہ ہے کہ زمبابوے کے خلاف سیریز میں واقعی سلیکٹر کچھ نئے چہروں کو سامنے لائیں گے یا محمد حفیظ،شعیب ملک،فخر زمان ،وہاب ریاض،محمد عامر جسیے آزمودہ کھلاڑیوں کو اپنا ریکارڈ بہتر بنانے کا موقع دیں گے۔سوال تو مصباح الحق کی ایک سال کی کارکردگی پر بھی اٹھ رہے ہیں ۔