اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے گوجرانوالہ میں 16 اکتوبر کو منعقدہ جلسے کے لیے ن لیگ کے لگائے گئے بینرز ضلعی انتظامیہ نے اتار دیے۔
ایک طرف گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم کے جلسے کی تیاریاں جاری ہیں تو دوسری جانب گوجرانوالہ کی ضلعی انتظامیہ کا شہر میں لگے ن لیگ کے بینرز اور بورڈز اتارنے کا آپریشن بھی جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بینرز اتارنے کے لیے پانچ ٹیمیں کام کر رہی ہیں، جہاں جہاں بینرز لگانے پر پابندی ہے وہاں کارروائی کی جائے گی۔
ڈائریکٹر پی ایچ اے خالد مسعود نے کہا کہ لیگی قیادت بینرز اور ہورڈنگز اتارنے کی شکایت پی ایچ اے کو درج کروائے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹیکس ادا کر دیا ہے تو دستاویزات اور رسیدیں جمع کروادی جائیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خرم دستگیر نے جلسے کے بینرز اور بورڈز اتارنے کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ایک طرف جلسے کی اجازت کی باتیں کی جارہی ہیں، دوسری طرف سرکاری مشینری کا استعمال کر کے رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں۔