• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بحرانوں سے نجات کا واحد راستہ پی ڈی ایم کی سیاسی تحریک ہے،پشتونخوامیپ

کوئٹہ( پ ر) پشتو نخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز سید عبدالقادر آغا ایڈووکیٹ، رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے ، یوسف خان کاکڑ اور علائوالدین خان کولکوال نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکمرانوں کی ناتجربہ کاری اور نااہلی کے باعث ملک ہر طرف سے بحرانوں کی دھندل میں پھنس چکاہے اور ملک کو ان بحرانوں سے نجات کا واحد راستہ ملکی سیاسی جمہوری جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی سیاسی تحریک ہے اور اس تحریک کا پہلا جلسہ کوئٹہ کے ہاکی گرائونڈ چوک زرغون روڈ پر 25اکتوبر کو منعقد ہونیوالا ہے جس میں تمام عوام کی شرکت اس جلسے کی کامیابی کا باعث ہوگی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ 25جولائی 2018کے زر وزوراور دھاندلی زدہ انتخابات کے نتیجے میں عوام کے حق رائے دہندگی پر ڈاکہ ڈال کر اپنے من پسند افراد کواقتدار میں لایا گیا اور ان سلیکٹڈ نمائندگان کے ذریعے اپنے مقاصد کی تکمیل کرنا ہے ۔ موجودہ سلیکٹڈ حکومت ملکی پارلیمنٹ کی بے توقیری ، آئین پر عملدرآمد نہ کرنے ، اٹھارویں ترمیم کو رول بیک کرنے ،این ایف سی ایوارڈ میں رکاوٹیں ڈالنے ، صوبائی خودمختیاری سے انحراف ، صدارتی نظام کے قیام کیلئے ہمہ وقت سازشیں کرنے ، میڈیا پر سنسر شپ لگا کر عوام کی آواز پر پابندی عائد ، سویلین مارشلاء کو مزید توسیع دینے ، سی پیک کے مغربی روٹ بالخصوص سڑک وریلوے ،اقتصادی زون کے قیام سے متعلق عوام کو گمراہ کرنے جیسے عوام دشمن اقدامات پرعمل پیرا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان سلیکٹڈ حکمرانوں سے اب نجات حاصل کرنے ملک کے تمام عوام کا مطالبہ بن چکا ہے اور نجات کا واحد راستہ پی ڈی ایم کی تحریک ہے ۔ لہٰذا تمام عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 25اکتوبر کوئٹہ میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے عظیم الشان جلسہ عام میں شرکت کرکے جمہویت پسندی کا ثبوت دیں۔
تازہ ترین