کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان نے ایم کیو ایم کے سنیئر رہنماؤں کیخلاف پانچ سال قبل قائم کئے گئے بغاوت کے مقدمات کو ختم کرنے کیلئے وزارت قانون اور وزارت داخلہ کو صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی ہے۔ ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر سید امین الحق نے ایک روز قبل کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم کی توجہ اس جانب دلائی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا 15جولائی 2015کو بانی ایم کیو ایم کے لندن سے خطاب کے دوران اسے سننے اور تالیاں بجانے کے جرم میں ایک مدعی کی درخواست ڈسٹرکٹ ملیر میں پولیس افسر رائو انوار نے ایم کیو ایم کے رہنمائوں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وسیم اختر، عامر خان،کنور نوید جمیل، امین الحق سمیت کئی دوسرے رہنمائوں کیخلاف ایک ہی دن میں صرف ایک ڈسٹرکت میں دوپہر دو سے رات دس بجے تک بغاوت سمیت28مقدمات درج کر لئے تھےجبکہ حال ہی حکومت کی سب سے بڑی حریف جماعت مسلم لیگ(ن) کے رہنمائوں کیخلاف دو ہفتے قبل بنائے بغاوت کےمقدمات واپس لے لئے گئے جس پر وزیر اعظم نے دونوں وزارتوں کو اس کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی ہے جس کا ایم کیو ایم خیر مقدم کرتی ہے۔