لندن (آئی این پی)وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان جرمنی کے 3 ر وزہ نجی دورے کے بعد (آج ) ایک ر وز کے دورہ پر لندن پہنچیں گے جہاں ان کی وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کا امکان ہے۔ لندن میں ایک ر وز قیام کے بعد وزیر داخلہ امریکہ روانہ ہو جائیں گے جہاں وہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے خصوصی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اپنی اہلیہ کے علاج کیلئے براستہ لندن جرمنی گئے تھے او ران کی طیارے میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے بھی تفصیلی ملاقات ہوئی تھی۔ طے شدہ شیڈول کے تحت چوہدری نثار علی خان جرمنی سے ایک دن کیلئے لندن آئیں گے جہاں وہ وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقا ت کریں گے اور ان کی عیادت کے علاوہ ملکی صورتحال پر مشاورت کریں گے جس کے بعد وزیر داخلہ نیو یارک چلے جائیں گے جہاں وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے خصوصی اجلاس میں اینٹی نارکوٹکس کے حوالے سے ہونے والے خصوصی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور پاکستان میں اینٹی نارکوٹکس کے حوالے سے اب تک کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔ ان کی امریکی حکام سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔