اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد پی ڈی ایم کل گوجرانوالا میں جلسہ کرے گا ، مولانا فضل الرحمان لاہور سے جلسے میں شریک ہوں گے ، مریم نواز لاہور سے اور بلاول بھٹو لالہ موسی سے نکلیں گے۔
تمام سیاسی قائدین منتخب جگہوں سے جلوس کی قیادت کرکے آئیں گے، تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین رات کو آٹھ بجے پہنچیں گے۔
مولانا فضل الرحمان کی زیرصدارت پی ڈی ایم کا اجلاس لاہور میں ہوا۔
میاں افتخار نے اجلاس کے بعد میڈیا کو بتایا کہ مولانا فضل الرحمان لاہور سے جلسے میں شریک ہوں گے۔ مریم نواز بھی لاہور سے جب کہ بلاول بھٹو لالہ موسی سے جلسے کے لیے نکلیں گے۔
میاں افتخار حسین نے کہا کہ حکومت نے آج بھی ہمارے ساتھیوں کو گرفتار کیا، حکومت کے خاتمے اور دوبارہ انتخابات کامطالبہ لے کر نکلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا ڈنڈا استعمال کرکے اپوزیشن کو دیوار سے لگانا مہنگا پڑے گا۔
میاں افتخار حسین نے کہا کہ نرسز ، ڈاکٹرز،اساتذہ، کلرکس ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے سراپا احتجاج ہیں۔