کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ لکھ کر تھما دیئے گئے کو سنا دینے کے اختیار کے سوا وزیراعظم کو کوئی اختیار حاصل نہیں اس سے زیادہ اختیارات تو 68 ترجمانوں کے پاس ہیں جو میڈیا پر غیر حقیقی اعدادوشمار پیش کرتے ہوئے اپنی سیاسی دکان چمکانے کی تگ و دو میں مصروف عمل نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر آنے والا دن قوم کے لئے تبدیلی سرکار ثابت ہورہا ہے اگر مسلط کردہ حکمران یونہی قوم پر مسلط رہے تو آنے والے دنوں میں حکمران قوم پر سانس لینے پر بھی ٹیکس لگا دیں گے۔ اشیاء ضروریہ جس تسلسل کے ساتھ عوام کی پہنچ سے دور کردی جارہی ہے اس منفی طرز عمل کی وجہ سے عوام کا جینا پہلے ہی سے دوبھر ہوچکا ہے اب اگر مزید ڈھیل دی گئی تو معاشی و اجتماعی خودکشیوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔ صادق عمرانی نے کہا کہ پلیٹ میں رکھ کر ملی جمہوریت کی ناقدری کرنے والے بھلا کیا جانیں کہ آمریت کے خلاف برسرپیکار سیاسی قوتوں نے اپنے خون سے جلائے ان چراغوں کی حفاظت کیوں اور کس طرح کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تبدیلی سرکار پی ڈی ایم کی احتجاجی تحریک کو بزورطاقت دبانے کی کوشش میں اپنا حصہ ڈالنے کی صلاحیت رکھتی ہے تو یہ عمل اس کی آخری غلطی اور اس کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔