اسلام آباد (ایجنسیاں)وفاقی حکومت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی طلبی کے معاملے پر لندن کے دو اخبارات میں اشتہار دینے کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا۔
ادھر نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس سے منسلک8ارب روپے کے مشکوک ٹرانزیکشنز کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے نئے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
پی پی رہنماؤںشیری رحمٰن‘نفیسہ شاہ ‘ نیئربخاری ‘سعیدغنی ‘ نثار کھوڑواور سیدناصرشاہ نے زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ وارنٹ گرفتاری اورکارکنوں کی گرفتاریاں اوچھے ہتھکنڈے ہیں‘ہم گھبرانے والے نہیں ہیں‘ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ ابھی توپارٹی شروع ہوئی ہے۔
زرداری کے وارنٹ گرفتاری چیئرمین بلاول بھٹو کو دباو میں لانے کا گھٹیا حربہ ہے‘نیب تحریک انصاف کا ذیلی ونگ بننے سے باز رہے‘نیازی سرکار سن لے فاشزم کا دور اپنے انجام کے قریب ہے ‘عوامی قوت سے عوام دشمن حکومت کو چلتا کریں گے‘ جلسوں سے پہلے وارنٹ گرفتاری جاری کرنا نیب نیازی گٹھ جوڑ کا ثبوت ہے۔