کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتون اسٹوڈنٹس کونسل بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے طلباء کے زیر اہتمام مطالبات کے حق میں جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور اپنے مطالبات کے حق نعرے بازی کررہے تھے ، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پشتونخوا ایس او کے رہنماء کبیر افغان ، ملک عمر کاکڑ ، پشتون اسٹوڈنٹس کونسل بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی کے عرفان اچکزئی اور اصغر خان کاکڑ نے کہا کہ پنجاب کے تمام تعلیمی اداروں خصوصاً بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں بلوچستان کے طلباء کے لئے نشستیں بحال کی جائیں ، پنجاب کے تعلیمی اداروں میں اوپن میرٹ پر بلوچستان کے طلباء کو دوبارہ مفت داخلے دئیے جائیں ، ایجوکیشن ڈائریکٹریٹ بلوچستان کے طلباء کے بروقت داخلوں کی پالیسی میں آسانی پیدا کرے ، انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں بلوچستان کے طلباء کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور ان سے امتیازی سلوک کا سلسلہ بند کرایا جائے انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز سے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں صوبے کے جو طلباء زیر تعلیم ہیں ان پر وہاں پر تعلیم کے دروازے بند کیے جارہے ہیں جس سے بلوچستان کے طلباء مختلف مسائل کا شکار ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے طلباء کو داخلوں میں درپیش مشکلات دور اور مسائل حل کیے جائیں بلوچستان کے ہر ضلع میں یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے طلباء یا عوام جب دیگر صوبو ں کا رخ کرتے ہیں تو وہاں ان کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جاتا ہے لیکن یہاں دیگر صوبوں سے لوگ آکر ایک دن میں ڈومیسائل اور دوسرے دن لوکل سرٹیفکیٹ بناکرملازمت بھی حاصل کرتے ہیںانہوں نے مطالبہ کیا کہ جعلی ڈومیسائل اور لوکل سرٹیفکیٹ کی تحقیقات کی جائے۔