• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معروف بھارتی گلوکار کمار سانو کورونا وائرس میں مبتلا

بھارتی فلم انڈسٹری کے نامور گلوکار کمار سانو کا عالمی وبا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کی اطلاع اُنہوں نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں دی ہے۔

90 کی دہائی میں بالی وڈ فلموں کو مقبول ترین گیت دینے والے نامور بھارتی گلوکار کمار سانو کی ٹیم نے گلوکار کے چاہنے والوں کو اُن کی صحت سے متعلق ایک اہم خبر دیتے ہوئے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر پیغام جاری کیا۔

فیس بُک پر جاری کردہ پیغام میں کمار سانو کی ٹیم نے بتایا کہ ’کمار سانو نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا تھا جس کے نتائج مثبت آئے ہیں۔‘

اپنے پیغام میں کمار سانو کی ٹیم نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ گلوکار کی جلد صحتیابی کے لیے دُعا کریں۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق گلوکار کمار سانو رواں ماہ 14 اکتوبر کو اپنے اہلخانہ کے پاس لاس اینجلس روانہ ہونے والے تھے لیکن کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے پر اُن کا دورہ منسوخ کرکے اُنہیں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

گلوکار کمار سانو کی اہلیہ نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ’اگر 15 دن بعد کمار سانو کے کورونا وائرس ٹیسٹ کے نتائج منفی آگئے تو وہ 8 نومبر کو لاس اینجلس روانہ ہوجائیں گے۔‘

اس سے قبل کمار سانو نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’وہ 20 اکتوبر کو اپنی سالگرہ اپنے اہلخانہ کے ساتھ منائیں گے اور اسی وجہ سے وہ 14 اکتوبر کو لاس اینجلس روانہ ہوں گے۔‘

واضح رہے کہ کمار سانو نے بھارتی فلم انڈسٹری میں گلوکاری کا آغاز 1989 سے کیا تھا، انہیں سب سے پہلے غزل کے معروف گلوکار جگجیت سنگھ نے متعارف کرایا تھا۔

گلوکار کمار سانو نے بالی وڈ کے درجنوں معروف گانوں میں 3 دہائیوں تک اپنی آواز کا جادو جگایا، انہیں سال 1990 سے سال 2000 تک عروج حاصل تھا، تاہم اس کے بعد بھی وہ کافی بھارتی فلموں میں گاتے نظر آئے۔

تازہ ترین