• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت، سیلابی ریلے میں ہلاک ہونیوالے شخص نے آخری فون کال کس کو کی؟

بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد کے سیلابی ریلے میں ہلاک ہونے والے شخص کی آخری فون کال کی آڈیو منظر عام پر آگئی۔

بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد کے وینکٹیش گاؤڈ نامی شخص جمعرات کے روز مردہ حالت میں پایا گیا جو سیلابی ریلے میں اپنی کار سمیت بہہ گیا تھا، واقعے کی تحقیقات کے دوران ہلاک ہونے والی شخص کے فون سے کی گئی آخری کال کی آڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص نے اپنے فون سے آخری کال اُس وقت کی تھی جب اُس کی کار سیلابی ریلے میں پھنس گئی تھی اور اس نے مدد مانگنے کے لیے اپنے دوست سے فون کال پر رابطہ کیا۔

ایک منٹ 44 سیکنڈز پر مشتمل آڈیو کے مطابق متاثرہ شخص نے اپنے دوست سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میں سیلابی ریلے میں پھنس گیا ہوں اور میری کار میں بھی پانی بھر گیا ہے۔

وینکٹیش گاؤڈ نامی شخص کی مدد مانگنے پر اُس کے دوست نے کہا کہ’تُم کار سے نکل کر کسی درخت کی مدد لیکر اپنی جان بچانے کی کوشش کرو جس پر ہلاک ہونے والے شخص نے کہا کہ یہاں ایسی کوئی چیز نہیں جس کا سہارا لیتے ہوئے خود کو بچا سکوں۔

ہلاک ہونے والے شخص نے مزید کہا کہ میر ی مدد کرو، مجھے بچاؤ، میں مرجاؤں گا، جس پر اُس کے دوست نے اُسے ہمت دلاتے ہوئے کہا کہ تُم بہت بہادر ہو، کوشش کرو، تمہیں کچھ نہیں ہوگا۔

آخر میں ہلاک ہونے والے شخص نے اپنے دوست سے اُسے بچانے کی درخواست کی اور پھر کال بند ہوگئی۔

واضح رہے کہ بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد میں پچھلے دو دنوں سے بارش مسلسل جاری ہے، 24 گھنٹوں میں 20 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ سیلابی پانی میں گاڑیاں بہہ گئی ہیں۔


حیدرآباد میں گزشتہ 2 روز سے شدید بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، مختلف واقعات میں 12 افراد ہلاک ہوگئے۔

تازہ ترین