کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف اور مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے کہا کہ لوگ نواز شریف اور مریم نواز کی محبت میں نکلے انہیں پرانا پاکستان ہی چاہئے،وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ گوجرانوالہ جلسہ میں دس پندرہ ہزار لوگ ہوں گے،وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوج فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن جھوٹ بول رہی ہے کہ جلسہ میں کوئی رکاوٹ ڈالی گئی،پروگرام میں سینئر تجزیہ کاروں حامد میر ،ارشاد بھٹی اور سہیل وڑائچ نے بھی اظہار خیال کیا۔نواز شریف و مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے کہا کہ مریم نواز کے قافلے کو لاہور سے نکلنے میں ہی چھ گھنٹے نکل گئے ہیں، میں نے زندگی میں پہلے کبھی ایسا اجتماع، محبت اور جذبہ نہیں دیکھا،لوگ نواز شریف اور مریم نواز کی محبت میں نکلے ہیں انہیں پرانا پاکستان ہی چاہئے، مریم نواز کے قافلے میں 70فیصد نوجوان ہیں، ہمارا موقف آج بھی یہی ہے کہ ہدف عمران خان نہیں ان کو لانے والے ہیں، عمران خان کوا قتدار سے ہٹائیں گے اس کے بعد اصل ہدف تک پہنچیں گے، عمران خان کوا قتدار میں لایا گیا، پی ٹی آئی حکومت نااہل ہے، مزید تین سال پی ٹی آئی کو حکومت کرنے دی تو عوام کا برا حال ہوجائے گا۔ محمد زبیر کا کہنا تھا کہ 2013ء میں ن لیگ کی 186 تحریک انصاف کی صرف 29نشستیں تھیں، نواز شریف کی حکومت کیخلاف سازش کر کے تحریک انصاف کو منظم کیا گیا، مہنگائی اور بیروزگاری سے عوام کا حال برا ہوگیا ہے کیا اپوزیشن مزید تباہی کا انتظار کرتی رہے گی، حکومت کورونا سے متعلق سنجیدہ ہوتی تو ہمیں بریفنگ دیتی۔