کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتون اسٹوڈنٹس کونسل بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے طلبا نے اپنے مطالبات کے حق میں کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی بھوک ہڑتالی کیمپ لگادیا ، سیاسی جماعتوں اور طلبا تنظیموں کے رہنمائوں نے کیمپ کا دورہ کرکے طلبا سے اظہار یکجہتی اور مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کیا، جمعہ کو پشتون اسٹوڈنٹس کونسل بہائو الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے چیئرمین عرفان خان اچکزئی کی قیادت میں کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مطالبات کے حق میں بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کرکے احتجاج شروع کردیاگیا ۔گزشتہ روز بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان ایڈووکیٹ ، عوامی نیشنل پارٹی ضلع ژوب کے صدر انور مندوخیل ، اے این پی کے رہنما سردار فرید اللہ دمڑ ، اجمل کاکڑ ، ولی داد میانی اور دیگر سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کے رہنمائوں نے کیمپ کا دورہ کرکے طلبا سے اظہار یکجہتی کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ طلباء کےمطالبات جائز ہیں ان کو فوری طور پر حل کیا جائے ورنہ بلوچستان کی سیاسی جماعتیں ان کےاحتجاج میں شامل ہوجائیں گی ،اس موقع پرپشتون اسٹوڈنٹس کونسل بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے صدر عرفان خان اچکزئی نے کہا کہ عرصہ دراز سے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بلوچستان کے طلبا پر تعلیمی دروازے بند کیے جارہے ہیں ،جس سے بلوچستان کے طلباء مختلف مسائل کا شکار ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے طلباء کو پنجاب کے تعلیمی اداروں میں داخلوں کے حصول میں درپیش مشکلات دور اور مسائل حل کیے جائیں ، بلوچستان کے ہر ضلع میں یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے،پنجاب کے تمام تعلیمی اداروں خصوصاً بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں بلوچستان کے طلبا کے لئے مختص نشستیں بحال کی جائیں ، پنجاب کے تعلیمی اداروں میں اوپن میرٹ پر بلوچستان کے طلباء کو مفت داخلے دئیے جائیں ، ایجوکیشن ڈائریکٹریٹ آف بلوچستان کے طلباء کے بروقت داخلوں میں آسانی پیدا کرئے پنجاب کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں بلوچستان کے طلباء کا تحفظ یقینی بنایا اور ان سے امتیازی سلوک کا سلسلہ بند کیا جائے ۔