• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلع ملتان کے 96 سرکاری دفاتر میں ای فائلنگ سسٹم کا آغاز

ملتان (سٹاف رپورٹر) ضلع ملتان کے96 سرکاری دفاتر میں ای فائلنگ سسٹم لانچ کر دیا گیا ہے۔ملتان وطن عزیز کا پہلا ضلع ہے جہاں پیپر لیس سسٹم لانچ کیا گیا ہے۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے منیجر فیصل ممتازنے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ای فائلنگ سسٹم میں 96مختلف محکموں کو لاگ ان الاٹ کر دیئے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر جب کسی محکمہ کو الیکٹرانک لیٹر فارورڈ کریں گے تو محکمے کے ڈیش بورڈ پر معلوم ہو جائے گا۔محکمے کے ضلعی سربراہ کو موبائل پر میسج بھی موصول ہو جائے گا اور اس کے ای میل پر بھی فراہم کر دی جائے گی۔اس کے علاوہ درخواست گزار کو بھی کاروائی کا میسج مل جائے گا۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فائلوں کا پرانا نظام وقت کا ضیاع ہے اور پرانے فائل سسٹم میں عوام کے مسائل تاخیر کا شکار ہو جاتے ہیں،عامر خٹک نے کہا کہ موجودہ دور ڈیجیٹلائزیشن کا دور ہے۔ ای فائلنگ سسٹم میں کسی بھی لیٹر کو لمحوں میں لاہور، بہاولپور یا کسی بھی شہر ارسال کیا جا سکے گا اور لیٹر بھیجنے والا آفیسر لیٹر کو ٹریک اور کاروائی کو مانیٹر کر سکے گا اور لیٹر پر نوٹ بھی درج کر سکے گا۔انہوں نے کہا کہ ملتان میں ای خدمت سنٹر کا اجراءایک بہت بڑی کامیابی ہے جس میں 48 مختلف خدمات ایک چھت تلے فراہم کی جارہی ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ای فائلنگ بارے ہر محکمے کو معاونت فراہم کرے گا۔
تازہ ترین