• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام کی خاطر شوبز چھوڑنے والی بھارتی اداکارہ ثناء خان کی زندگی کیسے بدلی؟

گزشتہ دنوں اسلام کی خاطر بالی ووڈ سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی سابقہ بھارتی اداکارہ ثناء خان نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں مداحوں کو بتا دیا کہ کس عمل نے اُن کی زندگی بدل دی۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ثناء خان نے اپنی ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں اُنہوں نے اپنے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’آج میں آپ کو اُس اہم معلومات سے آگاہ کروں گی جس نے میری زندگی بدل دی۔‘


ثناء خان نے کہا کہ ’میں نے مختلف علمائے کرام کے بیان میں یہ چیز سُنی ہے جو حقیقت ہے اور ہم سبھی اس کے بارے میں جانتے ہیں لیکن جب ہم کسی دوسرے کے منہ سے سُنتے ہیں تو پھر ہم اس بات پر عمل بھی کرتے ہیں اور یقین بھی کرتے ہیں۔‘

اُنہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’ہم لوگ خود کو کچھ وقت کی خوشی دینے کے لیے یا شہرت پانے کے لیے گناہ کرلیتے ہیں، پھر یہ ہوتا ہے کہ اُس  خوشی کا وقت تو ختم ہوجاتا ہے لیکن ہمارے گناہ رہ جاتے ہیں جو قبر تک ہمارے ساتھ جاتے ہیں لہٰذا تھوڑی سی خوشی کے لیے اپنی آخرت خراب نہ کریں۔‘

اپنے ویڈیو پیغام میں ثناء خان نے کہا کہ ’اسی طرح اکثر ہم لوگ اپنی نیند کی وجہ سے تہجد اور فجر کی نماز چھوڑ دیتے ہیں جس کے نتیجے میں ہماری نیکی ضائع ہوجاتی ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں نے یہ سب بہت سے بیانات میں سُنا ہے اور اسی نے میری زندگی بدلی ہے، اگر ہم سب ملکر اس بات پر عمل کریں تو ہماری دُنیا و آخرت دونوں ہی سنور جائیں گے۔‘

انسٹاگرام پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے ثناء خان نے لکھا کہ ’اُمید کرتی ہوں کہ اس سے آپ سب کو اپنی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے میں مدد ملے گی تاکہ آپ اپنے خالق حقیقی اور دُنیا کے لیے بہترین انسان بن سکیں۔‘

ثناء خان نے مزید لکھا کہ ’ہماری آخرت کا انحصار ہماری دُنیاوی زندگی پر ہے۔‘

واضح رہے کہ بگ باس سیزن 6 سے شہرت پانے والی بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ ثناء خان نے گزشتہ دنوں اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب وہ اپنی زندگی انسانیت کی خدمت میں اور اللّہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق گُزاریں گی۔


ثناء خان نے ماڈلنگ، ڈانس اور اداکاری سے بالی وڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، اُنہوں نے سال 2012 کے بگ باس سیزن 6 میں بھی حصہ لیا تھا جہاں سےاُنہیں شہرت ملی تھی۔

ثناء خان کی مشہور بالی وڈ فلموں میں جے ہو، وجہ تم ہو، ممبےٹو گوا، ہلّا بول اور ٹوائلٹ شامل ہیں۔

تازہ ترین