• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوویڈ، علاقائی قوانین پر تنازع پبلک ہیلتھ کیلئے انتہائی تباہ کن ہے، سائنسدان کا انتباہ

لندن (پی اے) حکومت کو مشاورت فراہم کرنے والے ایک سائنس دان نے متنبہ کیا ہے کہ انگلینڈ کی تین سطحی کوویڈ پابندیوں پر تنازع پبلک ہیلتھ کے لئے انتہائی تباہ کن ہے۔ گریٹر مانچسٹر اور لنکاشائر پر سخت ترین سطح اصول لاگو کرنے کے بارے میں ویسٹ منسٹر اور لوکل رہنماؤں کے درمیان بات چیت بعد میں دوبارہ شروع ہوگی۔ مانچسٹر کے لیبر میئر نے کہا ہے کہ شمالی انگلینڈ سے حقارت آمیز سلوک کیا گیا تھا۔ تاہم پروفیسر جریمی فاریر نے متنبہ کیا ہے کہ اسے شمال جنوب یا پارٹی کا سیاسی ایشو بنانا ’’ ایک انتہائی خطرناک راستہ ‘‘ ہوگا۔ ویلکم ٹرسٹ کے ڈائریکٹر جو کہ ایمرجنسیز کے لئے سائنٹیفک ایڈوائزری گروپ کےرکن بھی ہیں ، بی بی سی کی نیوز کاسٹ پوڈکاسٹ سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن ممالک نے اب تک وائرس کو درست طریقہ سے کنٹرول کر لیا ہے ان میں جنوبی کوریا اور نیوزی لینڈ شامل ہیں، یہ ممالک قومی اتفاق رائے سے آگے بڑھے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک ملک کی حیثیت سے مل جل کر آگے بڑھنا ہوگا، باہمی تقسیم کا یہ عمل چاہے شمالی جنوب ہو یا ایک پارٹی کا سیاسی ایشو ، دونوں ہی صورت میں خطرناک راستہ ہے۔ ہم جو بات نہیں چاہتے وہ باہمی تقسیم یا کنفیوژن ہے، ایک ایریا یا ایک ریجن یا شہر ایک دوسرے کے خلاف صف آرا نہ ہو۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ صورت حال پبلک ہیلتھ کے لئے انتہائی تباہ کن اور ملک کی موجودہ صورت حال سے نمٹنے کی صلاحیت کو کم کر دیتی ہے۔ سر جریمی نے مزید کہا کہ انفرادی ایریاز سے مذاکرات کے باعث وا ئرس سے نمٹنے کی اہلیت میں کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے قومی سطح کی پابندیوں کے حق میں رائے دی۔ وزیر اعظم نے آگے بڑھنے کے لئے تین سطحی سسٹم کا دفاع کیا جس کے بارے میں انہیں امید ہے کہ اس سے قومی لاک ڈائون کی صورت حال کے منفی اثرات سے بچا جا سکے گا۔ہفتہ کے روز سے لندن میں ایسیکس( سائوتھ اینڈ اور تھروک کے علاوہ ) ، یارک ، نارتھ ایسٹ ڈربی شائر ، چیسٹر فیلڈ ، ڈربی شائر میں ایری واش ، سرے میں ایلم برج ، اور فرنیس ، کمبریا میں بیرودوسری سخت سطح کی پابندیوں کا سامنا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ نصف سے زیادہ برطانیہ کی آبادی اب ہائی یا انتہائی ہائی الرٹ پابندیوں کا سامنا کر رہی ہے۔ اس وقت تک لیورپول سٹی ریجن کے شہریوں کو ٹاپ سطحی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ تین سطحی نئے سسٹم کے تحت انگلینڈ کے ہر ایریا کو درمیانہ ، ہائی یا ویری ہائی الرٹ کی پوزیشن میں رکھا جا رہا ہے۔
تازہ ترین