اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے پاکستانی شہر اورمارا اور کوئٹہ میں دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے پاکستانی حکومت اور عوام بالخصوص حادثے کے لواحقین سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ اسلام آباد میں متعین ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے ایرانی محکمہ خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ کا بیان ٹوئٹر پر شیئر کیا جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردوں کے حملے قابلِ مذمت ہیں۔ انہوں نے ہر طرح کی دہشت گردی کو مسترد کرتے ہوئے دہشت گردانہ کارروائیوں کے مرتکبین‘ منتظمین‘ معاونین اور سرپرستوں کے خلاف جاری لڑائی میں خطے کے تمام ممالک کی شرکت کی ضرورت پر زور دیا۔